بانی بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمن کا مکان ڈھادیا گیا، شیخ حسینہ کا گھر نذرآتش

نئی دہلی(پی ٹی آئی) بنگلہ دیش میں احتجاجی مظاہرین نے آج ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمن کے گھر کو منہدم کرنے کی کارروائی جاری رکھی۔ کل رات انہوں نے گھر میں توڑپھوڑ کی تھی اور اسے آگ لگادی تھی۔

پرتشدد مظاہرین نے شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے قائدین کے مکانات کو بھی مسمار کردیا اور معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کے یہاں آن لائن خطاب کے بعد مجیب الرحمن کے مجسموں اور دیوار پر بنی تصویروں کو مسخ کردیا۔ چہارشنبہ کے روز ہزاروں افراد نے قومی دارالحکومت کے دھان منڈی علاقہ میں شیخ حسینہ کے والد مجیب الرحمن کے منکان کے سامنے جمع ہوئے جسے قبل ازیں ایک یادگار میوزیم میں تبدیل کیا گیا تھا۔

اس ریالی کے بعد سوشل میڈیا پر ”بلڈوزر جلوس“ نکالنے کی اپیل کی گئی کیونکہ شیخ حسینہ کچھ دیر بعد شہریوں سے خطاب کرنے والی تھیں۔ کچھ دیر بعد ایک ایکسکیویٹر کے ذریعہ مجیب الرحمن کے مکان کو منہدم کرنا شروع کیا گیا۔ انہدامی کارروائی بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے ہنوز جاری ہے۔

شیخ حسینہ کی رہائش گاہ سدھا سدن جودھان منڈی علاقہ میں روڈنمبر5 پر واقع ہے‘ احتجاجیوں نے چہارشنبہ کی رات دیر گئے اسے بھی آگ لگادی۔ اخبار ڈیلی اسٹار نے یہ اطلاع دی۔ حسینہ زیرقیادت حکومت کو 5 اگست 2025 کو بے دخل کئے جانے کے بعد سدھا سدن کا مکمل تخلیہ کردیا گیا تھا۔

احتجاجی مظاہرین نے کل رات مرحوم نیوکلیر سائنسداں واجد میاں کے مکان کو بھی آگ لگادی جو دھان منڈی علاقہ میں ہے اوراسے شیخ حسینہ کے سیاسی دفتر کے طورپر استعمال کیا جاتا تھا۔ ڈھاکہ میں کی گئی ان کارروائیوں کا بنگلہ دیش کے دیگر حصوں میں بھی اثر پڑا اور وہاں بھی مماثل تباہ کن کارروائیاں کی گئیں۔ احتجاجیوں نے شیخ حسینہ کے رشتہ کے بھائیوں شیخ ہلال الدین اور شیخ صلاح الدین جیویل کے کھلنا میں واقع مکانات کو بھی منہدم کردیا۔

کھلنا میٹروپولیٹن پولیس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسن حبیب نے ڈیلی اسٹار کو بتایا کہ مکان کے اطراف ہزاروں افراد جمع ہوگئے اور ”دہلی یا ڈھاکہ۔ ڈھاکہ‘ ڈھاکہ“ کے نعرے لگانے لگے۔ انہوں نے ”مجیب ازم مردہ باد“ کے نعرے بھی لگائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس واقعہ کی خبر فیس بک پر دیکھی ہے لیکن میرے پاس مزید معلومات نہیں ہیں۔ شیخ ہلال‘ باگرگھاٹ۔1 کے رکن پارلیمنٹ تھے اور شیخ صلاح الدین جیویل‘ کھلنا۔ 2 کے سابق ایم پی تھے۔

احتجاجی طلبا نے ڈھاکہ یونیورسٹی میں بنگہ بندھو شیخ مجیب الرحمن ہال سے شیخ مجیب الرحمن کا نام بھی نکال دیا۔ کشیتا۔ 3 کے سابق رکن پارلیمنٹ اور عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سکریٹری محبوب العالم حنیف اور کشیتا عوامی لیگ کے پریسیڈنٹ صدر خان کے مکانات میں بھی توڑپھوڑ کی گئی۔ چٹوگرام میں احتجاجیوں نے کل رات مشعل جلوس نکالا تاکہ حسینہ کی تقریر کے خلاف احتجاج کرسکیں جو بنگلہ دیش عوامی لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نشر کی گئی۔ چٹگانگ میڈیکل کالج اور شہر کے جمال خان علاقہ میں بھی شیخ مجیب کی تصاویر کو مسخ کردیا گیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *