حیدرآباد: آج شہر کے مصروف ترین علاقہ لکڑی کے پل میں ایک ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجہ میں شہر کے قلب میں ٹرافک جام رہی۔ یہ ٹرک اس وقت الٹ گئی جب کہ اس علاقہ میں چند گاڑیاں گزر رہی تھیں ورنہ بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔
اس واقعہ کے سبب نامپلی اور سکریٹریٹ جانے والے راستوں پر بھاری ٹرافک جام ہوگئی۔ ٹرک کو ہٹانے کیلئے کرین کا استعمال کیا گیا۔ جمعہ کے روز شہر میں آتشزدگی کے واقعات بھی پیش آئے۔
پہلے واقعہ میں مہندرا کار شوروم کو نڈا پور میں بھیانک آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 7نئی کاریں جل گئیں۔ آتش فرو عملہ نے فوری جائے وقوع پہونچ کر آگ بجھادی۔ اس واقعہ میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔
فائر سرویس کے حکام کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ دوسرے واقعہ میں سڑک کے کنارے تین دکانات میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے یہ دکانات جل گئیں۔
یہ واقعہ نظام پیٹ علاقہ میں فٹنس اسٹوڈیو کے قریب آج پیش آیا۔ ایک فوڈ اسٹال میں گیس سلنڈر پھٹ پڑنے سے آگ لگ گئی اور یہ آگ متصل کے دیگر دوکانات تک پھیل گئی۔ فائر انجن فوری پہونچ گئے اور عملہ نے آگ بجھادی۔ پولیس نے بتایا کہ کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔