وزیر سیول سپلائز کے قافلہ کی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، حادثہ میں اتم کمارریڈی محفوظ

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر آبپاشی وسیول سپلائز این اتم کمار ریڈی جمعہ کے روز ضلع سوریا پیٹ میں اس وقت کرشماتی طور پر بچ گئے جبکہ ان کے قافلہ میں شامل گاڑیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں۔ یہ واقعہ گریڈی پلی میں اس وقت پیش آیا جبکہ وزیر اتم کمار ریڈی، عرس تقاریب میں شرکت کے لئے جان پہاڑ جار ہے تھے۔

وزیر کے قافلہ میں 8کاریں شامل تھیں۔ اتم کمار ریڈی کی کار کو اچانک روک دیا گیا جس کے سبب دیگر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر سڑک کے کنارے منتظر پارٹی کارکنوں سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈرائیور سے کہا کہ گاڑی روکدیں مگر بتایا جاتا ہے کہ وزیر کی کار کو اچانک روکنے سے قافلے میں شا مل دیگر گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔

اس واقعہ میں اگرچیکہ کوئی زخمی نہیں ہوا مگر8 کاروں کو معمولی نقصان پہونچا۔ بعدازاں وزیر آبپاشی و سیول سپلائز نے اپنے سفر کو جاری رکھا۔ اس دوران آج شہر کے معروف ترین علاقہ لکڑی کے پل میں ایک ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجہ میں شہر کے قلب میں ٹرافک جام رہی۔

یہ ٹرک اس وقت الٹا جب کہ اس علاقہ میں چند گاڑیاں گزر رہی تھیں ورنہ بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔ اس واقعہ کے سبب نامپلی اور سکریٹریٹ جانے والے راستوں پر بھاری ٹرافک جام ہوگئی۔ ٹرک کو ہٹانے کیلئے کرین کا استعمال کیا گیا۔ جمعہ کے روز شہر میں آتشزدگی واقعات بھی پیش آئے۔

پہلے واقعہ میں مہندرا کار شوروم کو نڈا پور میں بھیانک آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 7نئی کاریں جل گئیں۔ آتش فرو عملہ نے فوری جائے وقوع پہونچ کر آگ بجھادی۔ اس واقعہ میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ فائر سرویس کے حکام کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔

دوسرے واقعہ میں سڑک کے کنارے تین دکانات میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے یہ دکانات جل گئیں۔ یہ واقعہ نظام پیٹ علاقہ میں فٹنس اسٹوڈیو کے قریب آج پیش آیا۔ ایک فوڈ اسٹال میں گیس سلنڈر پھٹ پڑنے سے آگ لگ گئی اور یہ آگ متصل کے دیگر دوکانات تک پھیل گئی۔ فائر انجن فوری پہونچ گئے اور عملہ نے آگ بجھادی۔ پولیس نے بتایا کہ کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *