نئی دہلی ۔ ریاست اتر پردیش کے رائے بریلی ضلع کے سادھوا گاؤں میں ایک حیران کن واقعہ منظر عام پر آیا جہاں ایک بندر نے نہ صرف انسانوں کے دل جیت لیے بلکہ ان کے ساتھ گھریلو کاموں میں بھی شامل ہو کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔
یہ بندر جو وشواناتھ نامی کسان کے گھر میں رہتا ہے’ ان کے گھر کا حصہ بنچکا ہے اور ان کے خاندان کا لازمی رکن بن چکا ہے۔ وشواناتھ نے اسے پیار سے “رانی” کا نام دیا ہے۔ رانی کے منفرد انداز اور انسانی رویوں نے اسے گاؤں بھر میں مشہور کر دیا ہے۔ وہ وشواناتھ کے ساتھ کھانا کھاتا ہے اور حیرت انگیز طور پر کھانے کی تیاری اور برتن دھونے جیسے کاموں میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
رانی کی یہ منفرد صلاحیتیں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جہاں لوگ بندر کی ذہانت اور وشواناتھ کے خاندان کی محبت کو خوب تعریف کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوس میں رانی کو نہایت مہارت کے ساتھ برتن دھوتے اور باورچی خانے میں روٹی بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس کا ویڈیو دیکھ کر لوگ حیرت زدہ ہیں۔
رانی کی کہانی انسان اور جانور کے درمیان محبت ساتھ رہنے کے حیرت انگیز تعلق کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ یہ بندر اپنے منفرد رویہ سے نہ صرف وشواناتھ کے خاندان بلکہ دیکھنے والوں کے دل بھی جیت رہا ہے۔