نئی دہلی: سمندر پار ہندوستانیوں نے ووٹرس کی حیثیت سے اپنا اندراج کرانے بڑے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا تھا۔ تقریباً1.2لاکھ نے ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرایا تھا لیکن ان میں بہت کم نے جاریہ سال کے لوک سبھا الیکشن میں ووٹ ڈالا۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2024ء میں 1,19,374 نے سمندر پار الیکٹرس کی حیثیت سے اپنا اندراج کرایا تھا۔ کیرالا میں سب سے زیادہ رجسٹریشن ہوا جہاں 89,839 سمندر پار ہندوستانیوں نے اپنا نام درج کرایا۔ صرف 2,958 سمندر پار رائے دہندے ووٹ ڈالنے ہندوستان آئے۔ اِن میں سب سے بڑی تعداد (2670)کیرالا والوں کی رہی۔
کرناٹک، اترپردیش اور ٹاملناڈو سے ایک بھی سمندر پار ووٹر ووٹ ڈالنے ہندوستان نہیں آیا۔ وزیراعظم مودی کی ریاست گجرات میں 885 سمندر پار الیکٹرس میں صرف دو نے لوک سبھا الیکشن میں ووٹ ڈالا۔ مہاراشٹرا کا بھی ایسا ہی معاملہ رہا جہاں 5097 این آر آئی الیکٹرس میں صرف 17 نے ووٹ ڈالا۔