ریجنل رنگ روڈ پر وجیکٹ کاموں کیلئے ٹینڈرس طلب

حیدرآباد: نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا (NHAI) نے تلنگانہ میں ریجنل رنگ روڈ (آر آر آر) کے شمالی حصہ کے تعمیری کاموں کیلئے ٹینڈرس طلب کئے ہیں جس کی جملہ تخمینی لاگت5,554.02 کروڑ روپے ہے۔ آر آر آر کے شمالی حصہ کو جو سنگاریڈی سے چوٹ اپل پر مشتمل ہے، پانچ پیاکیجس میں انجام دئیے جائیں گے۔

آر آر آر کا شمالی حصہ161.518 کیلو میٹر طویل ہے۔ اس چارلین، ایکسس کنٹرول گرین فیلڈ اکسپریس وئے کیلئے2سال مہلت دی گئی۔ نیشنل ہائی ویزاتھاریٹی نے اس پروجیکٹ کو انجینئرنگ، پروکیورمنٹ، اور کنسٹرکشن (ای پی سی) طریقہ سے انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروجیکٹ کی دیکھ بھال (مینٹینس) کی مدت5سال رہے گی۔

اس پروجیکٹ کو5 پیاکیجس میں انجام دیا جائے گا۔ پیاکیج نمبرI (ایک)، سنگاریڈی کے گرما پور سے ریڈی پلی (34.5 کیلو میٹر) تک رہے گا جس کا تخمینہ1529.19 کروڑ روپے لگایا گیا۔ پیاکیج نمبرIIریڈی پلی سے اسلام پور (26 کیلو میٹر) کو1,114.8 کروڑ روپے کے تخمینہ مصارف سے انجام دیا جائے گا۔ پیاکیجIII اسلام پور تا پرگنا پور (23 کیلو میٹر) تک مشتمل رہے گا جس کی تعمیر پر 1,184,81 کروڑ روپے صرف ہوں گے۔پیاکیجIV پر گنا پور تا رائے گیری (43 کیلو میٹر) تک رہے گا جس کی تخمینہ لاگت1,728.22 کروڑ روپے رہے گی۔

 پانچواں پیاکیج رائے گیری گاؤں سے تنگڈ پلی گاؤں (35کیلو میٹر) پر مشتمل رہے گا جس کو انجام دینے کیلئے1547 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ مالی اور فنی بولی داخل کرنے کی قطعی وآخری تاریخ14 فروری رہے گی جبکہ17فروری کو بولیوں کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔ عہدیداروں کے مطابق اس پروجیکٹ پر عمل آوری کیلئے حصول اراضیات کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔

 حصول اراضی کی مکمل قیمت ریاستی اور مرکزی حکومتیں 50، پچاس فیصد ادا کریں گی۔مرکزی حکومت نے آر آر آر کیلئے 7104.06 کروڑ روپے منظوری دی ہے۔ توقع ہے کہ آر آر آر پروجیکٹ تلنگانہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔گزشتہ ماہ کنسیلٹی نے این ایچ اے آئی کو ڈیٹل پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) داخل کی تھی۔

 تلنگانہ کے وزیر آر اینڈ بی ک ومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پروجیکٹ کے کاموں کیلئے ٹینڈرس طلب کرنے پر نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو تلنگانہ کی تاریخ میں سنہرے حرف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے ساتھ میں نے کئی بار مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڑکری سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ان سے آر آر آر پروجیکٹ کے آغاز کے عمل میں سرعت پیدا کرنے کی خواہش کی تھی۔

 انہوں نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ (آر آرآر) حیدرآباد کیلئے گیم چینجر ثابت ہوئی اور اب آر آر آر، تلنگانہ کیلئے سوپر گیم چینجر ثابت ہو گی۔ گزشتہ ماہ جون میں چیف منسٹر نے مرکزی وزیر نتن گڑ کری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ آر آر آر کے جنوبی حصہ کو قومی شاہراہ کا موقف عطا کریں۔ جنوبی حصہ، چوٹ اپل سے آمنگل۔ شاد نگر۔ سنگاریڈی (181.7 کیلو میٹر طویل) تک تجویز کی گئی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *