[]
نئی دہلی۔ حیدرآباد کے اوپل علاقہ میں پیش آنے والے ایک حیرت انگیز واقعہ نے سب کو چونکا دیا جہاں ایک مشتبہ چور کے گھر سے سینکڑوں جوتوں کے جوڑے برآمد ہوئے۔ اوپل کی ایک کالونی کے رہائشی کئی دنوں سے پریشان تھے کیونکہ ان کے گھروں کے سامنے سے جوتے پراسرار طور پر غائب ہو رہے تھے۔
جمعرات کے روز کالونی کے مکینوں نے شک کی بنیاد پر ایک مقامی شخص شنکر کے گھر کی تلاشی لی تو وہ یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ وہاں مختلف سائز اور اقسام کے جوتے اور چپلوں کا ڈھیر موجود تھا۔ مکینوں نے انکشاف کیا کہ شنکر نامی شخص مبینہ طور پر رات کے وقت گھروں میں گھس کر گھروں کے سامنے رکھےجوتے چوری کرتا تھا۔
جب چور کے گھر کی مزید تلاشی لی گئی تو سینکڑوں چوری شدہ جوتے برآمد ہوئے جس کے بعد مکینوں نے فوری طور پر اس چور کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل اسی چور کی بیوی کو نشے کی حالت میں پولیس اہلکار کو گالیاں دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ واقعہ اوپل کے شہریوں کے لیے کسی معمہ سے کم نہیں تھا اور پولیس اب اس کیس کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ چور کے پیچھے اصل مقاصد کیا تھے اور وہ جوتے کہاں استعمال کرتا تھا۔