قرآن مجید میں تمام مسائل کا حل موجود عربی جامع ترین زبان۔ ڈان اسکول ملک پیٹ میں یوم عربی پروگرام

حیدرآباد۔22 دسمبر (پریس نوٹ) قرآن مجید و کتاب ہے جسے دنیا میں سب سے زیادہ سمجھے بغیر پڑھا جاتا ہے۔ قرآن مجید میں انسانیت کو درپیش کئی مسائل کے حل موجود ہیں۔ قرآن کو عربی زبان میں اس کے اصل پیغام کے ساتھ سمجھ کر کئی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق آئی آئی ایس آفیسر جناب شجاعت علی نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں بین الاقوامی یوم عربی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جناب شجاعت علی نے کہا کہ عربی زبان میں قرآن مجید کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل آوری کے ذریعہ دنیا میں معاشی مسائل بشمول سرمایہ دارانہ نظام کے استحصال کو ختم کیا جاسکتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ قرآن کی زبان میں ایک موسیقیت ہے۔ اس وجہ سے دنیا میں لاکھوں افراد اسے حفظ کرسکتے ہیں۔ عربی زبان کی اسکالر فاطمہ تبسم نے اس موقع پر عربی زبان میں خطاب کیا اور کہا کہ عربی اللہ رسول اور دین کی زبان ہے اور سب کو عربی زبان کو سیکھنا چاہیے۔ اس تقریب میں ماہر تعلیم اور انجینئر سید حیدر علی نے بھی شرکت کی۔

ڈائرکٹر ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ سید وقار الدین نے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عربی ایک جامع زبان ہے۔ اس میں 14ملین سے زائد الفاظ ہیں اور معافی الضمیر کے اظہار کے لئے ایک ایک کیفیت کے لئے علحدہ الفاظ مستعمل ہیں۔ عربی 24سے زائد ممالک کی سرکاری زبان ہے۔ اقوام متحدہ نے اسے اپنی سرکاری زبانوں میں شامل کیا ہے اور عالمی ادارہ کے زیر اہتمام ہر سال یوم عربی منایا جاتا ہے۔

مقررین نے یہ بھی کہا کہ عربی زبان پر عبور حاصل کرتے ہوئے روزگار کے کئی مواقع حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس تقریب کے اہتمام میں رہبر سوسائٹی نے تعاون کیا۔ کنوینر وصی الرحمن نے شکریہ ادا کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *