حیدرآباد ٹریفک پولیس میں آج سے زنخوں کی خدمات کا آغاز

حیدرآباد ۔ حیدرآباد ٹریفک ڈپارٹمنٹ میں آج سے زنخوں نے اپنی خدمات کا آغاز کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان شہر کے پولیس کمشنر سی وی آنند نے کل ہی کیا تھا۔ اتوار کے روز بنجارہ ہلز میں واقع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں 39 ٹرانس جینڈرز کو ٹریفک قوانین اور ذمہ داریوں کی تربیت دی گئی اس دوران انہوں نے ٹریفک کنٹرول کے اشارے اور دیگر مشقیں کی گئیں۔

 

اس موقع پر سی پی سی وی آنند نے کہا تھا کہ زنخوں کو اکثر خاندانوں اور معاشرے میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ایک تشویش ناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھا کہ ان افراد کو ایک موقع فراہم کرنے اور انہیں معاشرے کے ساتھ مربوط کرنے کی غرض سے تلنگانہ حکومت نے پہلی بار ٹریفک ڈپارٹمنٹ میں ہوم گارڈ کیڈر کے تحت انہیں بطور ٹریفک اسسٹنٹ خدمات انجام دینے کا موقع فراہم ہے۔

 

تلنگانہ حکومت کے اس اقدام کو معاشرتی شمولیت اور برابری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف زنخوں کو خودمختاری ملے گی بلکہ وہ سماجی دھارے میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر اجاگر کر سکیں گے۔

 

یہ فیصلہ سماجی برابری کو فروغ دینے کے لیے ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور امید ہے کہ دیگر ریاستیں بھی اس کی تقلید کریں گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *