جے پور پولیس نے نکی نام کی ایک خاتون کو دہرہ دون سے گرفتار کیا ہے۔ نکی اپنے شوہروں کو جھوٹے اور سنگین الزامات میں پھنسا کر ان سے پیسہ وصول کرتی تھی۔ پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے بعد جے پور کی عدالت میں پیش کیا، جس کے بعد نکی کو 15 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون میٹرومونیل سائٹ پر امیر لوگوں کی تلاش کرتی اور پھر ان سے شادی کرکے سنگین الزام لگا کر پیسے وصول کرتی تھی۔
‘آج تک’ کی خبر کے مطابق جے پور کے مرلی پورہ اسٹیشن کے پولیس آفیسر سنیل کمار جانگڑ نے بتایا کہ سیما عرف نکی اگروال نے آگرہ کے ایک کاروباری، گروگرام کے ایک سافٹ ویئر انجینئر اور جے پور کے ایک زیورات تاجر سے شادی کرنے کے بعد ان کے خلاف سنگین الزامات میں مقدمہ درج کروایا، اس کے بعد سمجھوتہ کے نام پر ان سے بڑی رقم وصول کی۔ پولیس کے مطابق سیما نے آگرہ کے کاروباری سے شادی کرنے کے بعد اس کے خلاف سنگین الزام میں ایف آئی آر درج کرا کر راضی نامے کے طور پر اس سے 75 لاکھ روپے وصول لیے۔