[]
علی گڑھ (یوپی): وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر کے بظاہر حوالہ سے جس میں انہو ں نے کہا تھا کہ کانگریس‘ جنتا کی جائیداد دوبارہ بانٹ دے گی‘ سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے منگل کے دن کہا کہ بی جے پی قائدین کی تقاریر سے انتخابی نتائج کے رجحانات ظاہر ہونے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد انڈیا بلاک کی حکومت بنی تو غریبوں کو نہ صرف موجودہ راشن ملتا رہے گا بلکہ انہیں تغذیہ بخش غذائی اشیاء بھی دی جائیں گی۔
علی گڑھ اور ہاتھرس میں انڈیا بلاک امیدواروں کی تائید میں ریالی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے رجحانات حالانکہ بعد میں آتے ہیں لیکن اب آپ نے دہلی اور لکھنو والوں (وزیراعظم اور چیف منسٹر) کی تقاریر سنی ہوں گی۔ اقتدار سے رخصت والوں کی تقاریر سے الیکشن نتائج کے رجحانات ظاہر ہونے لگے ہیں۔
سابق چیف منسٹر اترپردیش نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن کے حالیہ پہلے مرحلہ میں بی جے پی کی پوزیشن بدتر ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی والوں سے کہنا چاہیں گے کہ اب من کی بات نہیں بلکہ دستور کی بات سننے کا وقت آگیا ہے۔
سماج وادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ اترپردیش ہو یا ملک‘ انڈیا بلاک کا چرچا ہونے لگا ہے۔ مغربی یوپی سے چلنے والی ہوا نے اعلان کردیا ہے کہ بی جے پی کا اِس بار صفایا ہونے والا ہے۔ میں علی گڑھ کے لوگوں سے خواہش کروں گا کہ ہم متحد ہوکر بی جے پی کے نفرت پھیلانے کے منصوبوں پر ہمیشہ کے لئے تالہ لگاسکتے ہیں۔
بی جے پی والوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ بی جے پی نے جھوٹ اور لوٹ کی شناخت بنائی ہے۔ بی جے پی والوں نے مجرموں اور بدعنوان افراد کا سب سے بڑا گودام بنالیا۔ سارے مجرم اور کرپٹ ان کے گودام میں پہنچ چکے ہیں۔
الیکٹورل بانڈس پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر یوپی نے کہا کہ جب سے یہ مسئلہ سامنے آیا ہے بی جے پی شک کے گھیرے میں ہے۔ بی جے پی نے صنعتکاروں کی مدد کی جو بھاری قرض لے کر ملک سے فرار ہوگئے۔ بڑے صنعتکاروں کا قرض معاف کیا گیا لیکن کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا بلاک حکومت بنی تو کاشتکاروں کا قرض معاف کردیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ دستور کو بچانے کا الیکشن ہے۔ بی جے پی والے بڑے بڑے نعرے لگارہے ہیں۔ کسے پتہ کل یہ لوگ ہمارا اور آپ کا حق ِ رائے دہی چھین لیں۔ علی گڑھ میں مرحلہ دوم میں 26 اپریل کو ہاتھرس میں مرحلہ سوم میں 7 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔