[]
چندی گڑھ: ہریانہ کے ضلع نوح میں ہفتہ کو انہدامی کارروائی کے تیسرے دن ایک میڈیکل کالج کے قریب تقریباً 45 غیرقانونی دکانیں ڈھادی گئیں۔
ان میں کیمسٹ اسٹورس(میڈیکلس) بھی شامل ہیں۔ شبہ ہے کہ بعض دکانیں تشدد میں مشتبہ ملوث افراد کی تھیں۔ حکام نے نلہر روڈ پر ایس کے ایچ ایم میڈیکل کالج کے اطراف 2.6 ایکڑ اراضی پر غیرقانونی تعمیرات کو ڈھادیا۔
زیادہ تر عارضی دکانیں‘ امیگرنٹس کی تھیں جو سرکاری اراضی پر بنی تھیں۔ پولیس کی بھاری فورس کی موجودگی میں انہیں منہدم کردیا گیا۔
اسی دوران سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے انسپکٹر جنرل جسبیر سنگھ سندھو نے آج کہا کہ نوح کی صورتِ حال قابو میں ہے۔
وزارت ِ داخلہ اور سی آر پی ایف ہیڈکوارٹرس سے احکام ملتے ہی انسپکٹر جنرل سندھو نے جو سی آر پی ایف چندی گڑھ میں تعینات ہیں‘ فوری ریاپڈ ایکشن فورس(آر اے ایف) اور سی آر پی ایف کی کمپنیاں ضلع نوح بھیج دی تھیں۔
انہوں نے نوح اور پلول کے ان علاقوں کا دورہ بھی کیا جہاں یہ کمپنیاں تعینات کی گئیں۔ انہوں نے مقامی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ میں صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ وہ فسادزدہ علاقوں میں بھی گئے تاکہ زمینی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے۔