پارلیمنٹ میں میری توہین کی گئی کانگریس قائد کی شکایت

[]

نئی دہلی: کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد ِ اپوزیشن ملیکارجن کھرگے نے آج بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ان کی مراعات کو ٹھیس پہنچی ہے اور ان کی توہین کی گئی ہے۔

انھوں نے ہندی میں ٹوئٹ کیا کہ میں ایوان میں مسائل پیش کررہا تھا اور تقریباً 50 ارکان نے قاعدہ 267 کے تحت نوٹسیں دیں۔ مجھے پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

آخرکار جب میں تقریر کرنے لگا تو میرا مائک بند کردیا گیا۔ میری مراعات کے لیے یہ ایک دھکہ ہے۔ انھوں نے میری عزتِ نفس کو چیلنج کیا ہے اور میری توہین کی ہے۔ اگر ایوان کو حکومت کی ہدایات پر ہی چلانا ہے تو پھر میں سمجھتا ہوں کہ کوئی جمہوریت نہیں ہے۔

کھرگے نے ایوانِ بالا میں کیے گئے اپنے ریمارکس کا ایک ویڈیو بھی منسلک کیا۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین جگدیپ دھنکر نے بعد ازاں کہا تھا کہ کچھ بھی ریکارڈ پر نہیں جائے گا۔ اپوزیشن جماعتیں منی پور تشدد پر تفصیلی مباحث اور اس مسئلہ پر وزیر اعظم سے بیان دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔

مانسون سیشن کے پہلے دن (20 جولائی) سے اپوزیشن اتحاد ”انڈیا“ میں شامل جماعتیں منی پور پر تفصیلی مباحث کا مطالبہ کررہی ہیں۔

اس شمال مشرقی ریاست میں 3 مئی کو جھڑپیں ہوئی تھیں۔ سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ ہزاروں ریلیف کیمپس میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ منی پور تشدد پر اپوزیشن ارکانِ پارلیمنٹ کے مطالبات کے سبب پارلیمنٹ سیشن طوفانی ہورہا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *