مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے یوریشین اکنامک یونین اجلاس کےموقع پر بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولو چینکو کے ساتھ ملاقات کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے فروغ کے لئے یوریشین اکنامک یونین جیسے اہم علاقائی اور بین الاقوامی سربراہی اجلاس کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سیاسی، ثقافتی اور تاریخی مماثلت رکھنے والے ممالک کے ساتھ جامع تعلقات اور تعامل کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
محمد رضا عارف نے ایران-بیلاروس کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کو مضبوط اور فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نتیجہ خیز تجربات حاصل کیے ہیں، جسے وہ بیلاروس کے ساتھ شئیر کر سکتا ہے۔
اس موقع پر بیلاروس کے وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کو یوریشین اکنامک یونین کے موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ یونین کے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں۔
گولو چینکو نے مزید کہا کہ ایران اور بیلاروس تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے کی اعلیٰ صلاحیتوں سے بہرہ مند ہیں۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو یوریشین اکنامک یونین میں مبصر رکن کی حیثیت سے رکنیت کے حصول پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی موجودگی اس یونین کی اقتصادی اور سیاسی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔