[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی (ٹی ایس ڈی پی ایس) نے حیدرآباد کے لئے موسم کی پیشین گوئی کرتے ہوئے ایک وارننگ جاری کی ہے۔،
کہا گیا ہے کہ 27 جولائی جمعرات کو شہر حیدرآباد میں 115.60 ملی میٹر سے 204.40 ملی میٹر کے درمیان بہت بھاری بارش ہوسکتی ہے۔ یہ بارش جمعہ کی صبح تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ ہنمکنڈہ، ورنگل، محبوب آباد، کھمم اور بھدرادری کوتہ گوڑم اضلاع میں اس سے بھی زیادہ بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی مسلسل بارش کی وجہ سے شہر میں آبی ذخائر اور ندی نالوں پانی سے لبریز ہورہے ہیں اور سڑکوں پر پانی آجانے سے ٹریفک کے بہاؤ میں رکاٹوں کا سامنا ہے۔
اپل میں واقع نلا چیروو سے پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے خاص طور پر چہارشنبہ کی صبح کے اوقات میں ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔ شہر کی اندرونی رنگ روڈ پر سیلاب جیسا منظر دکھائی دیا جس سے مسافروں کو تکلیف ہوئی اور گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوگئی۔
مقامی حکام اور ٹریفک پولیس صورتحال کو سنبھالنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہائی الرٹ پر ہیں۔
موسمیات کے ماہرین نے نوٹ کیا ہے کہ منگل کی شام کو شدید بارش ہوئی، جس سے کئی آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ چہارشنبہ کی صبح بارش ہلکی ہونے سے صورتحال میں قدرے بہتری آئی، لیکن بارش شام تک کم شدت کے ساتھ جاری رہی۔
اسی دوران حکام نے شہر کے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو چوکس رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران گھروں سے غیرضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین معلومات سے باخبر رہیں۔