امدادی سامان کے مزید ٹرک غزہ میں داخل

[]

غزہ: اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح کراسنگ سے پیر کو امدادی سامان کے مزید 20 ٹرک غزہ میں داخل ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں مصر کی رفح کراسنگ سے انسانی امداد جانے کا پیر کو تیسرا روز تھا، پچھلے 2 روز میں امدادی سامان کے 34 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔ اقوام متحدہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امداد غزہ کے لوگوں کو درکار یومیہ امداد کا 4 فیصد بھی نہیں ہے جبکہ امداد میں ایندھن شامل نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں مسلسل 14 ویں روز بجلی مکمل بند ہے، 700 مریضوں کی گنجائش والا غزہ کا سب سے بڑا اسپتال الشفا 5 ہزار مریضوں کا علاج کررہا ہے، بجلی، ادویات، آلات، خصوصی طبی عملے کی کمی سے اسپتال کی صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے القسام بریگیڈ نے مزید 2 اسرائیلی یر غمالیوں کو رہا کردیا ہے۔ ترجمان ابوعبیدہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر کی ثالثی کے بعد غزہ سے دو قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے دونوں قیدیوں کوانسانی اور طبی وجوہات کی بنیاد پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل القسام بریگیڈ نے دو امریکی شہریوں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے قطری کوششوں کے جواب میں 2 امریکی شہریوں ماں بیٹی کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *