کانگریس کی گیارنٹی اسکیمات سے بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار: ریونت ریڈی

[]

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی ایم پی نے کہا ہے کہ شہر میں سی ڈبلیو سی کے سہ روزہ اجلاس وجئے بھیری جلسہ عام کی شاندار کامیابی اور کانگریس کی 6 گیارنٹی اسکیمات سے بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔

بالخصوص کے ٹی راما راؤ‘ ہریش راؤ اور کویتا اپنی سیاسی سوجھ بوجھ کھوچکے ہیں اور کانگریس قائدین کو  تنقیدوں کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی‘ بی آر ایس نے کانگریس کے جلسہ عام کو روکنے کی پوری کوشش کی تھی۔ اس کے باوجود کانگریس کا وجئے بھیری جلسہ عام جس میں لاکھوں عوام کی شرکت نے ایک تاریخ رقم کی ہے اور یہ ثابت ہوچکا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے کا سونیا گاندھی کا خواب پورا ہوگا۔

اب بی آر ایس حکومت کے صرف 99 دن باقی رہ گئے ہیں۔ جلسہ عام میں سونیا گاندھی نے 6 گیارنٹی اسکیمات کا اعلان کرتے ہوئے ان اسکیمات کو اندرون 100 دن روبہ عمل لانے کا وعدہ کیا ہے۔

مہا لکشمی اسکیم کے تحت ہر خاتون کو ماہانہ 2500 روپے وظیفہ‘ 500 روپے میں گیاس سلنڈر اور آرٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت‘ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسان کو ماہانہ 1500 روپے اور مزدور کسانوں کو ماہانہ 1200 روپے مالی امداد‘ غریبوں کو ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی‘ بے گھر افراد کو اندراماں اسکیم کے تحت مکانات‘ پلاٹ رکھنے والوں کو تعمیر کئے لئے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد‘ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والوں کو 250 گز اراضی کی تقسیم‘ ڈگری طالب علم کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے 5 لاکھ روپے مالی امداد‘ آسرا پنشن اسکیم کے تحت ضعیف افراد اور بیواؤں کو ماہانہ 4 ہزار روپے وظیفہ شامل ہیں۔

مذکورہ 6 گیارنٹی اسکیمات کی اجرائی پر ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے کالا دھن واپس لانے اور ہر شہری کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے منتقل کرنے اور ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے عوام کو دھوکہ دیا ہے جبکہ کے سی آر نے دلت چیف منسٹر‘ دلتوں کو 3 ایکڑ اراضی اور ڈبل بیڈروم مکانات دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا۔

ریونت ریڈی نے بی آر ایس قائدین کے اس بیان کو گمراہ کن قرار دیا کہ کانگریس کی اسکیمات ناقابل عمل ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین کو چالنج کیا اور کہا کہ کانگریس نے 2004 سے 2014 تک عوام کے لئے تمام وعدوں کو پورا کیا۔

وہ اس مسئلہ پر بی آر ایس قائدین سے مباحث کرنے تیار ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم بی آر ایس کی دھرانی اسکیم کو منسوخ کردیں گے۔ دھرانی پورٹل کے سی آر اور ارکان خاندان کے لئے اے ٹی ایم بن چکا ہے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی‘ بی آر ایس اور ایم آئی ایم تینوں ایک ہیں اور تینوں جماعتوں نے ایک سازش کے تحت کانگریس کے جلسہ کو ناکام بنانے کی کوشش کی تھی تاہم ریاست کے لاکھوں عوام نے کانگریس کے جلسہ میں شرکت کرکے تاریخ ساز بنادیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *