نئی دہلی ۔ محمد یونس کی قیادت میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے پاسپورٹ کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 96 دیگر افراد کے پاسپورٹ بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کا پس منظر ملک میں ریزرویشن کے معاملے پر ہونے والے فسادات ہیں جن میں متعدد افراد کی گرفتاری اور مجرمانہ تحقیقات جاری ہیں۔
حکومت نے بیان میں وضاحت دی کہ یہ فیصلہ خاص طور پر ان افراد کے خلاف لیا گیا ہے جو فسادات کے ذمہ دار سمجھے جا رہے ہیں۔ اس میں سے 22 افراد کے پاسپورٹ حال ہی میں منسوخ کیے گئے تھے۔ اس اقدام کا مقصد ان افراد کی بیرون ملک سفر کو روکنا ہے تاکہ وہ تحقیقات سے بچ نہ سکیں یا ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔
اس فیصلے کے سیاسی پہلو کو دیکھا جائے تو یہ بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے طاقتور سیاسی اقدامات کا حصہ ہے جس کے ذریعہ حکومت مخالف افراد یا سابق حکومتی شخصیات کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ شیخ حسینہ کے خلاف اس فیصلہ کو ایک سیاسی حربہ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے
کیونکہ شیخ حسینہ بنگلہ دیش کی ایک اہم سیاسی شخصیت ہیں اور ان کے حکومت میں ہونے کے دوران مختلف سیاسی مخالفین کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے تھے۔