جھارکھنڈ حکومت میں پنچایتی راج کی وزیر دیپیکا پانڈے نے بتایا کہ ہیمنت سورین حکومت نے اب تک ’مائی سمّان یوجنا‘ کے تحت 56 لاکھ خواتین کے کھاتوں میں تقریباً 1500 کروڑ روپے ڈال دیے ہیں۔
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی دفتر راجیو بھون میں منعقد پریس کانفرنس سے جھارکھنڈ حکومت میں پنچایتی راج کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جھارکھنڈ کی طرح دہلی میں کانگریس کی حکومت آنے کے بعد ’پیاری دیدی یوجنا‘ کے تحت 2500 روپے ہر ماہ دیے جائیں گے۔‘‘ واضح ہو کہ دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس کی پہلی گارنٹی ’پیاری دیدی یوجنا‘ کا اعلان کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کیا تھا۔
آج منعقد پریس کانفرنس میں دیپیکا پانڈے نے بتایا کہ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت نے اب تک ’مائی سمّان یوجنا‘ کے تحت 56 لاکھ خواتین کے کھاتوں میں تقریباً 1500 کروڑ روپے ڈال دیے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی ہے، خواہ وہاں کانگریس کی اکیلے دم پر حکومت ہو یا اتحاد میں۔ کرناٹک، تلنگانہ، ہماچل پردیش اور جھارکھنڈ اس کی واضح مثالیں ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ کانگریس تازہ حالات میں خواتین کے حق میں کام کرنے کی بات کر رہی ہے۔ اس سے قبل کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیجیے، کانگریس نے مرکز سے لے کر ریاست تک جہاں بھی اقتدار میں آئی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا۔
میڈیا سے خطاب کے دوران دیپیکا پانڈے نے دہلی میں 11 سالوں سے حکومت کر رہی عام آدمی پارٹی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آج کیجریوال خواتین کی مدد کرنے کی بات کر رہے ہیں، لیکن وہ 11 سالوں سے کہاں تھے۔ آج جبکہ ان کو یقین ہو چلا ہے کہ حکومت ان کے ہاتھوں سے جانے والی ہے تو خواتین کو گمراہ کرنے کے لیے انتخابی وعدے کر رہے ہیں، جو کبھی پورے ہونے والے نہیں ہیں۔ کیجریوال پنجاب کا حوالہ دیتے ہیں، لیکن وہاں 35 ماہ سے خواتین کے کھاتوں میں ایک روپیہ بھی نہیں ڈالا گیا ہے۔ پنجاب کی مائیں و بہنیں آج بھی ان کے انتخابی وعدے کے 1000 روپے فی ماہ کا انتظار کر رہی ہیں۔ انہوں نے دہلی کے عوام خصوصاً خواتین کی بدحالی کا ذمہ دار عام آدمی پارٹی کے ساتھ ساتھ بی جے پی کو بھی ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ’’دارالحکومت میں 16 ہزار خواتین عصمت دری کی شکار ہوئی ہیں اور 30 ہزار خواتین کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ مجرمین کو سزا دینے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ ملک کے سامنے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔‘‘
دیپیکا پانڈے نے دہلی میں کانگریس کی زرّیں دور حکومت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2008 میں ’لاڈلی یوجنا‘ کی شروعات ہوئی تھی۔ اس اسکیم کے تحت خواتین کو مختلف مقاصد کے لیے ان کے کھاتوں میں پیسے ڈالے جاتے تھے۔ اسپتال میں پیدائش پر 36000 روپے بیٹی کے کھاتے میں ڈالنے اور پہلی سے بارہویں جماعت تک بیٹیوں کو 25000 روپے دینے کا انتظام تھا۔ یہی نہیں کانگریس حکومت بیٹیوں کو 12ویں جماعت پاس کرنے کے بعد ’میچیورٹی اماؤنٹ‘ کے طور پر ان کے کھاتے میں ایک لاکھ روپے ڈالتی تھی۔
جھارکھنڈ حکومت کی پنچایتی راج کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے دہلی اسمبلی انتخاب کے حوالے سے کہا کہ دہلی کے لوگ کافی سمجھدار ہیں۔ اس دفعہ کے اسمبلی انتخاب میں لوگ پھر سے کانگریس کا ہاتھ تھامنے والے ہیں۔ کیونکہ یہاں کے لوگ کانگریس کی شیلا دیکشت حکومت کی 15 سالہ بہترین دور کو دیکھ چکے ہیں۔ عوام کیجریوال کی 11 سالہ حکومت سے کافی پریشان ہو چکی ہے۔ دہلی کے لوگ عآپ کی دور حکومت میں اس بات سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں کہ اس کے قول و عمل میں کس قدر تضاد ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔