[]
جئے پور: راجستھان ہائی کورٹ نے یوگا گرو رام دیو کو 5 اکتوبر کو باڑمیر کے چھوٹن پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔
عدالت نے ان کی گرفتاری پر روک برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ وہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے کیس میں درج ایف آئی آر کے سلسلہ میں تحقیقاتی عہدیدار (آئی او) کے سامنے حاضر ہوں۔ آئی او جب بھی بلائے انہیں جانا ہوگا۔
عدالت نے حکومت ِ راجستھان کے وکیل سے کہا کہ وہ 16 اکتوبر کو کیس ڈائری داخل کرے۔ اس وقت تک رام دیو کی گرفتاری نہیں ہوگی۔
رام دیو نے ایف آئی آر رد کرانے کی درخواست داخل کی تھی جس پر جسٹس کلدیپ ماتھر نے یہ ہدایت دی۔ درخواست گزار سے کہا گیا کہ وہ 5 اکتوبر کو 11:30 بجے دن پوچھ تاچھ کے لئے آئی او کے سامنے حاضر ہو۔
بعد میں آئی او جب بھی بلائے انہیں جانا ہوگا۔ 5 فروری کو پٹھائی خان نامی ایک شخص نے چھوٹن پولیس اسٹیشن میں یوگا گرو کے خلاف شکایت درج کرائی تھی کہ انہوں نے 2 فروری کو باڑمیر میں ایک مذہبی تقریب میں مسلمانوں کے خلاف ریمارکس کئے۔
رام دیو نے اسلام کے خلاف نفرت اور دشمنی پھیلانے دانستہ ریمارکس کئے اور کروڑہا مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔