بھارت منڈپم میں پانی بھرگیا: کانگریس

[]

نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کے دن ایکس پر ویڈیوشیئر کیا جس میں جی 20 چوٹی کانفرنس کے مقام نوتعمیرکردہ بھارت منڈپم کو زیرآب دکھایاگیا۔ کانگریس نے کہا کہ مودی حکومت کی ”کھوکھلی ترقی“ بے نقاب ہوگئی۔

ویڈیو میں لوگوں کو زیرآب راہداری سے گذرتے دیکھاجاسکتا ہے۔ کانگریس نے اپنے پوسٹ میں کہا کہ کھوکھلی ترقی بے نقاب ہوگئی۔ جی20 چوٹی کانفرنس کیلئے تیارکردہ بھارت منڈپم پر 2700کروڑ روپئے خرچ کئے گئے اور ایک بارش میں یہ روپیہ ضائع ہوگیا۔

پارٹی ترجمان سپریہ شری ناتے نے بھی کہاکہ مشینوں سے پانی نکالاجارہا ہے۔ بارش بھی بین الاقوامی ملک دشمن سازش ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے ڈھیرسارا روپیہ چرالیا اور ایسا ناقص کام کرایا۔

راجستھان کے ضلع ٹونک کے موضع نوائی میں ریالی سے خطاب میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی وڈرا نے بھی وزیراعظم نریندرمودی پرطنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ شائد مارے خوف ملک کے لوگ کچھ نہ کہہ پاتے ہوں لیکن خدا نے کہہ دیا۔ اپنی اناچھوڑو‘ اس ملک نے تمہیں قائد بنایا ہے۔

ملک کو آگے رکھو اور عوام کو اہمیت دو۔ پارٹی ترجمان پون کھیڑا نے بھی حکومت کو نشانہئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ سی ڈبلیوجی ویلیج کے فلیٹس کے بیسمنٹ میں تقریب سے 15 دن قبل پانی بھرجانے پر ہماری حکومتوں (ریاستی اور مرکزی) کو تنقید جھیلنی پڑی تھی۔

جی 20 چوٹی کانفرنس کے بیچ بھارت منڈپم زیرآب آگیا لیکن میڈیا بالکل خاموش ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ مودی جی آپ ملک پر حکمرانی کیسے کرنا ہے‘ یہ نہیں سیکھتے لیکن ہم نے آپ سے یہ سیکھ لیا ہے کہ میڈیا کو کیسے اپنی مٹھی میں رکھنا ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ تقریباً 3000کروڑ روپیوں کی لاگت سے بنے بھارت منڈپم میں آج ترقی ہلکی سی بارش سے بہتی دکھائی دی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *