مسجد مومنان کھمم میں اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے عظیم الشان جلسہ
کھمم شہر کی مسجد مومنان میں اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا، جس میں ملک کے معروف عالمِ دین حضرت مولانا سید صلاح الدین سیفی صاحب نقشبندی نے خصوصی خطاب کیا۔ مولانا نے اپنے خطاب میں انسان کی تخلیق، روح کے عالمِ بالا سے تعلق، اور روحانی ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے جسم کو مٹی سے اور روح کو عالمِ بالا سے بنایا۔ رحمِ مادر میں بچے کو 9 ماہ تک رکھنے کے بعد اللہ تعالیٰ اپنی قدرتِ کاملہ سے چند لمحوں میں اس میں روح ڈال دیتے ہیں۔ روح کی غذا عبادت، ذکر و اذکار، اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرنے میں ہے۔ گناہوں سے اجتناب اور تقویٰ اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ روح کے بگاڑ سے اعمال کی لذت ختم ہوجاتی ہے، اس لیے گناہوں کو چھوڑ کر اعمالِ صالحہ کے ذریعے اپنی زندگی کو خوشگوار بنایا جائے۔
مولانا نے خاص طور پر موجودہ دور میں اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کو وقت کا ضیاع قرار دیا اور کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس کے ذریعے بے راہ روی اور ارتداد کی طرف مائل ہو رہی ہیں۔ والدین اور سرپرست حضرات کو بچوں کی دینی تربیت اور نگرانی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وہ مستقبل میں دین کے داعی بن سکیں۔
صدرِ جلسہ مولانا محمد بانعیم صاحب مظاہری (نائب ناظم مجلسِ علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش) نے بھی خطاب کیا اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ جلسے میں ضلع کھمم، سریاپیٹ، نلگنڈہ، اور ورنگل کے علما، حفاظ، اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جلسے کا اختتام حضرت مولانا سید صلاح الدین سیفی صاحب نقشبندی کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔ جلسے کی نظامت مفتی آصف علی سعید قاسمی نے کی، جبکہ مسجد کے صدر حافظ ذکی اللہ نے جلسے کی نگرانی کے فرائض انجام دیے۔