مغربی ہمالیائی علاقوں میں نئے ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 11-8 اپریل کے درمیان بارش ہوگی۔ ساتھ ہی آندھی طوفان اور تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔
(فائل تصویر) / آئی اے این ایس
اپریل ماہ شروع ہونے کے ساتھ ہی کچھ ریاستوں میں شدید گرمی شروع ہو گئی ہے۔ گجرات، راجستھان میں 5 سے 9 اپریل، مدھیہ پردیش میں 7 سے 9 اپریل، جنوبی پنجاب، ہریانہ و مغربی اترپردیش میں 7 اور 8 اپریل کو ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ دریں اثنا مغربی ہمالیائی علاقوں میں 8 اپریل سے نئے ویسٹرن ڈسٹربنس کی امید کی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 11-8 اپریل کے درمیان بارش ہوگی، ساتھ ہی آندھی طوفان اور تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ جموں و کشمیر اور لداخ میں 9 اپریل کو ژالہ باری کی بھی امید ہے۔
گرمی کی شدت کے درمیان کئی ریاستوں میں بارش کے الرٹ نے لوگوں کو کچھ راحت دی ہے۔ کیرالہ، ماہے، کرناٹک، آندھرا پردیش، تمل ناڈو، انڈمان و نکوبار میں 5 اور 6 اپریل کے درمیان بارش کا امکان ہے۔ جب کہ شمال مشرقی ہندوستان میں 5 سے 9 اپریل، بہار، اڈیشہ، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ میں 7 سے 9 اپریل کے درمیان بارش ہوگی۔ ساتھ ہی 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ امکان یہ بھی ہے کہ آسام، میگھالیہ میں 5 اور 6 اپریل اور بہار میں 8 اپریل کو اولے گریں گے۔
اگر شمال مغربی ہندوستان کی بات کی جائے تو وہاں بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ان علاقوں میں 8-5 اپریل کے درمیان 3 سے 5 ڈگری تک درجہ حرارت میں اضافے کی امید ہے۔ حالانکہ 10-9 کے درمیان 2 سے 3 ڈگری تک درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے۔ وسطی ہندوستان میں 5 سے 7 اپریل کے درمیان درجہ حرارت کے 3 سے 5 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔ وہیں گجرات میں 5 اور 6 اپریل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 ڈگری سیلسیس کے اضافے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔