[]
نئی دہلی: سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان سہ روزہ سرکاری دورہ پر نئی دہلی پہنچے۔ اپنے قیام کے دوران وہ 2 روزہ جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد پیر کے دن بھی نئی دہلی میں رہیں گے۔
وزارت ِ خارجہ نے یہ بات بتائی۔ سعودی کراؤن پرنس قبل ازیں فروری 2019میں ہندوستان کے سرکاری دورہ پر آئے تھے۔ یہ ان کا دوسرا دورہ ہے۔ ان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد آیا ہے جو وزرا اور سینئر عہدیداروں پر مشتمل ہے۔
سعودی کراؤن پرنس‘ وزیراعظم نریندر مودی سے باہمی ملاقات کریں گے۔ دونوں قائدین پہلی لیڈرس میٹنگ آف دی اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وہ باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔
علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔ سال 2022-23 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھ کر 52.75 بلین امریکی ڈالر ہوگئی۔
ہندوستان‘ سعودی عرب کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ سعودی عرب‘ ہندوستان کا چوتھا بڑا ٹریڈنگ پارٹنر ہے۔ سعودی عرب میں غیرمقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) کی تعداد تقریباً 24لاکھ ہے۔
یہ این آر آئیز‘ میزبان ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ مملکت ِ سعودی عرب ہر سال ایک لاکھ 75ہزار ہندوستانی عازمین حج کی میزبانی کرتی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اکتوبر 2019میں سعودی عرب گئے تھے۔ ان کے اس دورہ میں دونوں ممالک نے اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کونسل قائم کی تھی جو باہمی میکانزم ہے۔