[]
حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کیلئے اب صرف100 دن باقی رہ گئے ہیں اور اسمبلی انتخابات کے بعد تلنگانہ میں کانگریس پرچم لہرائے گا۔
ریونت ریڈی آج آر ٹی سی کلیانم منڈپم باغ لنگم پلی میں ضلعی منڈلس اور بلاک سطح کے پارٹی صدور کے ایک روزہ تربیتی کیمپ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کانگریس کو شکست دینے کیلئے اندرونی طور پر سازش کررہے ہیں۔
ا نہوں نے کے سی آر پر کروڑ ہا روپیہ کی لوٹ مار کا الزام عائد کیا اور کہا کہ رضا کاروں نے بھی اتنی لوٹ مار نہیں کی جتنا کے سی آر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی کامیابی کیلئے بوتھ لیول ایجنٹس کا اہم رول ہوتا ہے۔
انہوں نے انتخابات میں پارٹی کے وفادار اور ذمہ دار بوتھ ایجنٹس کو مقرر کرنے ضلع صدور کو ہدایت دی، انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کی ڈیجیٹل ممبرشپ 43لاکھ ہے جو کسی دوسری ریاست میں نہیں ہے۔
اگر انتخابات میں کانگریس کو90لاکھ ووٹ حاصل ہوتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس کو 90 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایپا اور شیوا کی طرح سونیااماں کا پرچم گلے میں ڈالکر پارٹی کی کامیابی کیلئے سرگرم عمل ہوجائیں ریڈی نے کہا کہ مجلس کو نامپلی میں جلسہ کی اجازت مل سکتی ہے تو کانگریس کو شہر میں جلسہ کی اجازت کیوں نہیں مل سکتی؟
انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میری صدارت میں حیدرآباد میں سی ڈبلیو سی اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تکو گوڑہ کے مقام پر کانگریس کو جلسہ کی اجازت نہیں ملتی ہے تو اس کا جواب بھگوان دے گا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ17ستمبر کو کانگریس کی وجئے بھیری جلسہ کے لئے تکو گوڑہ کے کسانوں نے آگے آتے ہوئے اپنی اراضیات کا پیشکش کیا ہے۔ تربیتی کیمپ سے انچارج اے آئی سی سی مانک راو ٹھاکرے اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔