
حیدرآباد: سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک حیران کن ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں طیاروں کے ٹکڑے آسمان سے یوں گرتے دیکھے جا سکتے ہیں جیسے ٹوٹتے ہوئے ستارے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو فرانسیسی فوجی طیارے فضائی کرتب دکھانے کے دوران آپس میں ٹکرا گئے۔ یہ خوفناک حادثہ منگل کی دوپہر پیش آیا اور اس کا منظر دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فرانسیسی فوجی طیارے شمال مشرقی فرانس میں ایک تربیتی پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے بعد طیاروں کے ٹکڑے زمین کی طرف یوں گرنے لگے جیسے آسمان سے شہاب ثاقب برس رہے ہوں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب فرانسیسی فضائیہ کے طیارے سینٹ-ڈیزیئر ایئربیس کے اوپر فضائی کرتب کا مظاہرہ کر رہے تھے۔
ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق یہ خوفناک تصادم ایئر بیس 113 کے قریب مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3:40 پر ہوا۔ اس وقت پٹرول ڈی فرانس ٹیم کے سات الفا جیٹ طیارے ایک ایئر شو کے لیے ریہرسل کر رہے تھے۔
دورانِ پرواز دو طیارے ایک دوسرے سے ٹکرا گئے، جس کے بعد ان کے ٹکڑے آسمان سے یوں گرنے لگے جیسے شہاب ثاقب کی بارش ہو رہی ہو۔ خوش قسمتی سے دونوں پائلٹ بروقت طیاروں سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے اور پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر بحفاظت اتر گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے سے قبل دونوں طیارے سرخ، سفید اور نیلے رنگ کا دھواں چھوڑتے ہوئے پرواز کر رہے تھے۔ تصادم کے بعد پہلا طیارہ سینٹ-ڈیزیئر میں ایک ذخیرے میں گر گیا، جبکہ دوسرا طیارہ ایک نہر میں جا گرا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں پائلٹ اور ایک مسافر ہوش میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فرانسیسی وزیر برائے مسلح افواج سباسٹین لیکورنو نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “ایمرجنسی آپریشن جاری ہے، اور وزارت داخلہ و وزارت دفاع مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں۔”