
ممبئی: ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 2 میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں بیت الخلا کے قریب رکھے کوڑے دان سے ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے عملے اور مسافروں میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی سہار پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو قبضے میں لے کر کوپر اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، منگل کی رات تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر ایئرپورٹ کے صفائی عملے نے معمول کے مطابق صفائی کے دوران کوڑے دان میں بچے کی لاش دیکھی۔
فوری طور پر ایئرپورٹ انتظامیہ کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد سہار پولیس کو مطلع کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس واقعے میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے سیکیورٹی اور صفائی عملے کو مزید مستعد رہنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ اس قسم کے افسوسناک واقعات کو روکا جا سکے۔ پولیس ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے اور جلد ہی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔