کنال کامرا کو مزید مہلت دینے سے انکار، پولیس دوسرا سمن جاری کرے گی

ممبئی: ممبئی پولیس نے کامیڈین کنال کامرا کو مزید مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے جلد از جلد دوسرا سمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ممبئی کے ہیبی ٹیٹ سینٹر میں کامیڈین کنال کامرا کے متنازعہ ریمارکس کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے انہیں سمن جاری کیا گیا تھا اور انہیں منگل کے روز کھار پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔

کنال کامرا نے اپنے وکیل کے ذریعے پولیس کو مطلع کیا کہ وہ آٹھ دن کی مہلت چاہتے ہیں، لیکن بدھ کے روز ممبئی پولیس نے یہ درخواست مسترد کر دی اور دوسرا سمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق، اگر کنال کامرا مسلسل تین سمن کے باوجود پولیس کے سامنے حاضر نہیں ہوتے تو ممبئی پولیس ان کے خلاف وارنٹ جاری کر سکتی ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شندے سے متعلق متنازعہ ریمارکس کے معاملے میں کھار پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کیس کی تحقیقات کے دوران پولیس نے ہیبی ٹیٹ اسٹوڈیو سے وابستہ کئی افراد کو بھی طلب کر کے ان کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ تفتیش کا عمل اب بھی جاری ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *