
قانون ساز کونسل کے احاطہ میں بی آر ایس کا علامتی سنہری اینٹوں کے ساتھ انوکھا احتجاج
غریب خواتین کو ایک تولہ سونے کی فراہمی کے وعدہ کی عدم تکمیل کو اجاگر کیا گیا
کانگریس کی دھوکہ دہی کے باعث کئی خاندان مالی مشکلات کا شکار
حکومت سے تمام وعدوں کو فی الفور پورا کرنے کا پر زور مطالبہ
حیدرآباد: رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا کی قیادت میں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے ایم ایل سیز نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل کے احاطہ میں ایک علامتی اور موثر احتجاج منظم کیا جس کے ذریعہ بی آر ایس نے کانگریس حکومت کی ایک اور ناکامی کو بے نقاب کیا۔
یہ احتجاج حکومت کی جانب سے مستحق اور غریب خواتین کو شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے تحت 10 گرام سونا فراہم کرنے کے وعدہ کی عدم تکمیل کے خلاف منظم کیا گیا۔ کانگریس پارٹی بڑے بڑے وعدوں کے ذریعہ اقتدار میں آئی لیکن ریونت ریڈی کی زیر قیادت حکومت اپنے سب سے زیادہ تشہیر شدہ وعدوں میں سے ایک یعنی شادی میں سونے کی فراہمی کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے
۔ اس ناکامی کے سبب لاکھوں خاندان مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ وہ خواتین جو اس سرکاری امداد کی منتظر تھیں، شدید مایوسی اور اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔بی آر ایس ایم ایل سیز احتجاج کے دوران اپنے ہاتھوں میں علامتی سنہری اینٹیں تھامے ہوئے تھے جن پر “10 گرام سونے” کے الفاظ تلگو، ہندی اور انگریزی زبان میں کندہ کئے گئے تھے
۔ یہ علامتی مظاہرہ کانگریس حکومت کی وعدہ خلافی کو اجاگر کرنے کے لئے کیا گیا کیو نکہ اس وعدہ کی عدم تکمیل کے باعث عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔بی آر ایس قائدین نے مطالبہ کیا کہ کانگریس حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرے اور تلنگانہ کے عوام کو مزید دھوکہ دینا بند کرے۔