
بی جے پی مائنارٹی مورچہ نے عید سے پہلے مستحق مسلمانوں میں خصوصی کٹس تقسیم کرنے کے لئے “سوغاتِ مودی” مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ مہم منگل کے روز دہلی کے نظام الدین علاقے سے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی نگرانی میں شروع کی گئی۔ اس کا مقصد غریب مسلم خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے تاکہ وہ کسی مالی مشکلات کے بغیر عید منا سکیں۔
مہم کے تحت 32 ہزار مائنارٹی مورچہ کے کارکنان ملک بھر کی 32 ہزار مساجد میں مستحق افراد تک پہنچیں گے۔ بی جے پی مائنارٹی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی کے مطابق، رمضان، عید، گڈ فرائیڈے، ایسٹر، نوروز اور بھارتی نئے سال جیسے مواقع پر ضرورت مندوں تک امداد پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، مختلف اضلاع میں عید ملن تقاریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
مورچہ کے نیشنل میڈیا انچارج یاسر جیلانی نے کہا کہ یہ اسکیم بی جے پی کی ایک مہم ہے جس کا مقصد مسلم برادری میں فلاحی اسکیموں کو فروغ دینا اور بی جے پی و این ڈی اے کے لیے سیاسی حمایت حاصل کرنا ہے۔
یہ مہم رمضان اور عید کے موقع پر خاص طور پر اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ اس دوران لاکھوں افراد کو امداد پہنچانے کا منصوبہ ہے۔
اس مہم کے تحت تقسیم کی جانے والی کٹس میں کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ کپڑے، سوّیاں، کھجور، میوے اور شکر شامل ہوں گے۔ خواتین کے لئے سوٹ کے لئے کپڑا دیا جائے گا، جبکہ مردوں کے لیے کرتا پاجامہ فراہم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، ہر کٹ کی قیمت تقریباً 500 سے 600 روپے کے درمیان ہوگی۔