شاہی جامع مسجد سنبھل کی آہک پاشی قریب الختم (ویڈیوز)

سنبھل (پی ٹی آئی)سنبھل کی شاہی جامع مسجد میں آہک پاشی کے کام جمعرات کے روز مکمل ہوجانے کی توقع ہے جس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ کی جانب سے تفویض کردہ تزئین نو کے عمل کا جو جاریہ ہفتہ کے اوائل میں شروع ہوا تھا‘ کا اختتام عمل میں آئے گا۔

مسجد کمیٹی کے سکریٹری مسعود فاروق نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ مقررہ وقت میں کام ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پینٹنگ اور آہک پاشی کا کام ہنوز جاری ہے اور ہمیں توقع ہے کہ آج یہ مکمل ہوجائے گا۔ ہائی کورٹ نے ایک ہفتہ کی مہلت دی تھی اور ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ مقررہ مدت میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الٰہ آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر تزئین نو کا کام اتوار سے محکمہ آثارِ قدیمہ کی زیرنگرانی جاری ہے۔ مسجد کی انتظامی کمیٹی نے قبل ازیں آہک پاشی‘ اضافی لائٹنگ اور مسجد کے اطراف آرائشی اشیاء نصب کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

مسجد کے عقبی حصہ میں رنگ میں تبدیلی پر اندیشوں کا ازالہ کرتے ہوئے شاہی جامع مسجد کے صدر ظفر علی نے بتایا کہ اے ایس آئی نے سابقہ سبز اور سنہری رنگوں کو تبدیل کرتے ہوئے عقبی حصہ پر سفید رنگ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد کمیٹی کو اس تبدیلی پرکوئی اعتراض نہیں۔

اے ایس آئی نے ہمیں اطلاع دی تھی کہ ان کے زیرتحفظ تمام عمارتوں پر سفید رنگ کیا جاتا ہے۔ ہم اس کی مخالفت نہیں کرتے اور ان کے ساتھ پورا تعاون کررہے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا مسجد کمیٹی رنگ کی تبدیلی کو عدالت میں چیلنج کرے گی‘ انہوں نے وضاحت کی کہ اس معاملہ میں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے‘ کوئی شکایات نہیں ہیں اور نہ کوئی تنازعہ ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *