اپوزیشن کا لوک سبھا میں نعروں پر مشتمل ٹی شرٹس پہن کر احتجاج

نئی دہلی (پی ٹی آئی) لوک سبھا کی کارروائی کو آج دن بھر کے لئے ملتوی کردیا گیا جہاں اپوزیشن ارکان نے پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کی ازسرنو حدبندی کے مسئلہ پر ٹی شرٹس پہن کر ایوان میں احتجاج کیا۔

کرشناپرساد ٹینیٹی نے جو کرسی صدارت پر فائز تھے‘ اپوزیشن ارکان سے درخواست کی کہ وہ مناسب شکل میں ایوان میں واپس ہوں۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان سے درخواست کی کہ ہمیں زراعت پر بحث کرنا ہے۔ ملک کا ایک اہم موضوع ہے اور آپ مباحث کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ تعاون کریں اور کارروائی جاری رہنے دیں۔ جب ارکان نے ان کی بات نہیں مانی تو ٹینیٹی نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی۔ جمعرات کے روز لوک سبھا میں اس مسئلہ پر کئی مرتبہ کارروائی ملتوی کی گئی۔

قبل ازیں اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے ڈی ایم کے ارکان کے ٹی شرٹ پہننے پر جن پر نعرے تحریر تھے‘ اعتراض کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات ایوان کے ضوابط کے خلاف ہیں۔ اوم برلا نے کارروائی کو دوپہر تک ملتوی کردیا۔ 12 بجے دن ایوان کی کارروائی کے دوبارہ آغاز پر مماثل مناظر دیکھے گئے اور ٹی ڈی پی رکن ٹینیٹی نے جو کرسی ئ صدارت پر فائز تھے‘ ایوان کی کارروائی کو 2 بجے دن تک ملتوی کردیا۔

ڈی ایم کے ارکان وائٹ ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے جن پر نعرے تحریر تھے ”ٹاملناڈو منصفانہ حدبندی کے لئے لڑے گا‘ ٹاملناڈو جیتے گا“۔ 11 بجے دن ایوان کی کارروائی کے آغاز پر اوم برلا نے کہا کہ یہ ایوان قواعد و ضوابط کے تحت چلتا ہے۔

ارکان کو ایوان کا وقار اور احترام برقرار رکھنا ہوگا تاہم بعض ارکان پارلیمنٹ قواعد کی پابندی نہیں کررہے ہیں اور وقار کی خلاف ورزی کررہے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔ اسپیکر نے نعرے والی ٹی شرٹ پہن کر ایوان میں آنے والے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ ایوان کے باہر جائیں اور مناسب لباس پہن کر واپس آئیں اور وقار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے پارلیمانی قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے ارکان سے کہا کہ کوئی لیڈر چاہے کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو‘ ایوان میں ایسے تحقیرآمیز لباس کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ باہر جائیں‘ اپنا لباس تبدیل کریں اور مناسب لباس کے ساتھ واپس آئیں۔

Photo Source: @shemin_joy



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *