
چھترپتی سمبھاجی نگر (پی ٹی آئی) مہاراشٹرا کے ضلع سمبھاجی نگر میں واقع مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے مقبرہ کو ہٹانے کے مطالبات کے درمیان محکمہ آثار ِ قدیمہ (اے ایس آئی) نے 18 ویں صدی عیسوی کے ڈھانچہ کے دونوں جانب ٹین شیٹس نصب کردیئے ہیں۔
یہ فیصلہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے 2 دن پہلے کیا گیا تھا جب کلکٹر دلیپ سوامی اور سپرنٹنڈنٹ پولیس ونئے کمار راتھوڑ نے اے ایس آئی عہدیداروں کے ساتھ خلدآباد میں واقع مقبرہ کا دورہ کیا تھا۔
ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ ڈھانچہ کے دونوں جانب ٹین شیٹس اور وائر فینسنگ (تاروں کی باڑھ) چہارشنبہ کی رات لگائی گئی۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مقبرہ کے اطراف ایک دائرہ نما باڑھ نصب کی جائے گی۔
عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ مقبرہ کے دونوں جانب سبز جالی خراب ہوچکی ہے اور مقبرہ ان لوگوں کو بھی نظر آتا ہے جو قریب میں واقع خواجہ سید زین الدین چشتی ؒ کی مزار پر حاضری دیتے ہیں لہٰذا ہم نے ٹین شیٹس نصب کی ہیں۔
واضح رہے کہ وشواہندو پریشد اور بجرنگ دل نے پیر کے روز اورنگ زیب کے مزار کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا جس کے بعد تشدد بھڑک اٹھا تھا۔