
انفوسس کی شریک بانی اور راجیہ سبھا ایم پی سُدھا مورتی نے افطار دعوت میں شرکت کی۔ جمعرات، 20 مارچ کو انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے منعقدہ افطار میں انہوں نے شرکت کرتے ہوئے سب کو رمضان کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر تہوار کو ہم سب کو مل جل کر اور پُرسکون ماحول میں منانا چاہیے۔
ملک میں موجودہ حالات کے پیش نظر سُدھا مورتی کا افطار دعوت میں شرکت کرنا موضوع بحث بن گیا۔ خاص طور پر مہاراشٹر کے ناگپور میں اورنگزیب کے مزار کو ہٹانے سے متعلق احتجاج چل رہا ہے
اور دونوں فرقوں کے درمیان مذہبی تنقیدیں اور بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔ ایسے حالات میں سُدھا مورتی کا افطار میں شرکت کرنا کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
افطار میں شرکت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سُدھا مورتی نے نے کہا کہ افطار کی دعوت میں شرکت کرنا کیا غلط ہے؟ اگر کوئی محبت اور اپنائیت سے بلائے تو میں کہیں بھی جاؤں گی۔ کسی کے بھی تہوار میں شرکت کروں گی۔ آخر میں، اگر آپ بھی بلائیں گے تو میں ضرور آؤں گی۔ اس میں کیا غلط ہے؟”
ان کے اس بیان کو سب نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور محبت کا پیغام قرار دیا۔ سُدھا مورتی نے بالواسطہ طور پر کہا کہ سب کو مذہبی نفرت سے دور رہتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منانی چاہییں۔