
نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا مسجد کچھیان میں روزہ داروں کے ساتھ کیا افطار
مسجد کچھیان کمیٹی کی جانب سے کمشنر پولیس کا استقبال و تہنیت
نظام آباد:20/ مارچ (اردو لیکس) ایک طرف ملک میں فرقہ پرست طاقتیں نفرت اور فرقہ پرستی کا ماحول پیدا کرنے کی مذموم کوشش کررہی ہیں اور وہیں بعض پولیس عہدیدا ر بھی فرقہ پرستی ماحول کو پراگندہ کرنے اور متنازعہ بیانات دیتے ہوئے نقص امن کو نقصان پہنچا نے کی مذموم کوشش کررہے ہیں ایسے ماحول میں بھی بعض پولیس کے اعلیٰ عہدیدار امن و امان کی فضاء کو پروان چڑھانے دونوں فرقوں میں بھائی چارگی امن و خلوص کے ماحول کو برقرا رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے قومی یکجہتی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہیں
۔ ایسے میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نظام آباد پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے مسلم بھائیوں کے ہمراہ مسجد کچھیان گاندھی چوک نظام آباد میں روزہ داروں کے ہمراہ افطار کرتے ہوئے نئی جہت عطاء کی ہے جو قابل ستائش اقدام ہے اس موقع پر پولیس کمشنر چیتنیا کے ہمراہ نظام آباد اے سی پی مسٹر راجہ وینکٹ ریڈی بھی موجود تھے۔ نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا کی مسجد کچھیان میں آمد پر مسجد انتظامی کمیٹی صدر یونس غنی، نائب صدر محمد یٰسین باکسر، سکریٹری اسمعیل بھائی، خازن صدیق بھائی عیسانی اور ادریس بھائی، رؤف بھائی، عیسانی و دیگر موجود تھے۔
پولیس کمشنر چیتنیا نے مسلمانوں کے ساتھ ایک عام آدمی و روزہ دار کی طرح افطار کرنے کے نیک ارادوں کے ساتھ اچانک مسجد کچھیان پہنچے جس پر مسجد کمیٹی کے عہدیداران حیرت زدہ ہوکر رہ گئے اور پولیس کمشنر چیتنیا کا خلوص دل کے ساتھ استقبال کیا
اور بعدازاں مسلمانوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر مسجد کمیٹی نے پولیس کمشنر چیتنیا، اے سی پی راجہ وینکٹ ریڈی کی شالپوشی و گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔