
حیدرآباد: مسلسل دھمکی آمیز کالز کے پیش نظر حیدرآباد گوشہ محل کے بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کو پولیس نے محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔
پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ وہ سیکورٹی کے بغیر باہر نہ نکلیں اور عوام میں گن مین کے بغیر جانے سے گریز کریں۔ پولیس نے خبردار کیا کہ اگر لاپرواہی برتی گئی تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
حکومت کی طرف سے فراہم کردہ بلٹ پروف گاڑی میں سفر کرنے اور 1+4 سیکورٹی گارڈز کے ساتھ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے ایم ایل اے کو موٹر سائیکل پر سفر کرنے سے بھی منع کیا ہے۔ سیکیورٹی کے معاملے میں مکمل تعاون کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے منگل ہاٹ پولیس نے انہیں نوٹس بھیج دی ہے۔
واضح رہے کہ 25 فروری کو راجا سنگھ کو نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی تھیں۔ ایم ایل اے کے مطابق، دھمکی دینے والوں نے کہا تھا کہ اگر آج نہیں تو کل تمہارا سر قلم کر دیا جائے گا۔
دو نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔ اس سے قبل بھی انہیں پاکستان اور افغانستان سے دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔ پولیس نے ماضی میں ان ملزمان کو شناخت کر کے گرفتار کیا تھا۔ تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ راجا سنگھ کے قتل کی سازش رچی گئی تھی۔