غزوہ بدر و فتح مکہّ،حضور اکرم ﷺکی فوجی مہارت ، حکمت عملی و دور اندیشی کا بے نظیر نمونہ

 

جماعت اسلامی ہند یا قوت پورہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ بعنوان ”غزوہ بدر و فتح مکہّ” بمقام رحیم پلازہ فنکشن ہال رین بازار میں اپنے صدارتی خطاب میں جناب ابوالکرم مشتاق اطہر، جنرل سکریٹری جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے کہا کہ ہم ماہ رمضان میں اپنا احتساب کریں، اپنی ایمانی کیفیت کو مضبوط کریں اور دلوں سے نفاق کو دور کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دین اسلام کی سر بلندی کے لیے کمر بستہ ہو جائیں، وسائل اور صلاحیتوں کا بہتر طریقے سے استعمال کریں، اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ ضرور مؤمنین کی مدد و نصرت فرمائے گا۔ جناب اقبال حسین، سابق صدر ایس آئی او آف انڈیا نے غزوہ بدر کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر،حضور اکرم ﷺ کی فوجی مہارت،حکمت عملی و دور اندیشی کا بے نظیر نمونہ ہے۔ آپؐ ہر اعتبار سے دنیا کے سب سے بہترین قائد مدبر و رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر میں مسلمانوں کی غیر معمولی فتح و نصرت حاصل ہونے کے بعد اسلام تیزی سے پھیلا اور لوگ جوق در جوق اسلام میں داخل ہونے لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبر، استقامت اور اللہ پر بھروسہ غزوہ بدر کے اہم اسباق ہیں۔ موجودہ حالات میں غزوہ بدر سے ہمیں سبق لینے کی ضرورت ہے۔ فتح مکہّ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے معروف قلم کار و ماہر تعلیم جناب فاروق طاہر نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور اسلام میں جو غزوات پیش آئے ہیں وہ میزان اور انصاف قائم کرنے کے لیے پیش آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے دلوں کو فتح کیا۔ آج بھی ضرورت ہے کہ ہم اپنے رویوں کے ذریعے معاشرے اور بردران وطن پر اچھا اثر ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتح مکہّ دنیا کا ایسا انقلاب ہے جو بغیر خون بہائے حاصل ہوا اور فتح کے عظیم الشان موقع پر رسول اکرم ﷺ نے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے ایسی نظیر قائم کی کہ دین کے دشمن بھی متاثر ہو کر حلقہ بگوش اسلام ہوتے چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم داعیانہ کردار اپنے اندر پیدا کریں، اعلی اخلاق کو پروان چڑھائیں اور حالات سے مایوس نہ ہوں۔ جناب محمد عماد الدین، امیر مقامی جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ قرآن کا رمضان سے گہرا تعلق ہے اور قرآن میں تمام انسانی مسائل کا حل موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان قرآن کے حقوق ادا کرنے والے بنیں اور قرآن کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھنے کا معمول بنائیں۔ جناب شہزاد ناصر، رکن جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کے درس قرآن سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ انہوں نے سورۃ الانفال کی آیتوں سے درس دیتے ہوئے آپسی تعلقات کو درست کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ایمان والوں کے دل قرآن سن کر لرز جاتے ہیں اور قران کی آیات جب ان کے سامنے جب پڑھی جاتی ہیں تو ان کا ایمان بڑھ جاتا ہے۔ برادر حافظ حسن البنا، ممبر ایس آئی او نے ترانہ پیش کیا۔ جناب محمدحسام الدین متین نے جلسہ کی نظامت کی۔ جناب بشیر احمد کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔جناب محمد زکی الدین، جناب محمد کلیم الدین، جناب سید مقصود ہاشمی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ مرد و خواتین کی کثیر تعداد جلسہ میں شریک رہی۔

Oplus_16908288

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *