
حیدرآباد: مرکزی وزیر کوئلہ کشن ریڈی نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن کی جدید کاری کے کام تقریباً مکمل ہو چکے ہیں اور جلد ہی اسٹیشن کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔آج صبح، وزیرموصوف نے بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن کے جدید کاری کے کاموں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن کو ”آل وومن اسٹیشن” میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں سیکوریٹی اسٹاف سمیت تمام عہدیداران، ملازمین اور معاون عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا۔ کشن ریڈی نے مزید کہا کہ جلد ہی جدید اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا اور مسافروں کے لئے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
کشن ریڈی نے بتایا کہ روزانہ تقریباً 15 سے 18 ہزار مسافر بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن کا استعمال کرتے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 26 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید کاری کے 90 فیصد کام مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 12 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نیا داخلی دروازہ تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اس سال ریاست میں ریلوے ترقیاتی کاموں کے لیے 5335 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اور مجموعی طور پر 39,300 کروڑ روپے کی لاگت سے ریلوے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔