جمعیت العلماء ضلع کھمم کے زیر اہتمام دعوتِ افطار

جمعیت العلماء ضلع کھمم کے زیر اہتمام دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا، جس میں ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور، کھمم کلکٹر مذمل خان اور کھمم کمشنر پولیس سونیل دتھ نے شرکت کی۔ مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں منعقدہ اس دعوتِ افطار کی صدارت مولانا محمد سعید احمد قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم نے کی۔

 

مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس پارٹی کے اقتدار میں آنے کے باوجود مسلمانوں کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ انہوں نے ریاستی وزیر زراعت کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کھمم میں مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

 

انہوں نے غریب مسلمانوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے تعلیمی اداروں میں قابل اساتذہ کو مقرر کرنے پر زور دیا۔ ساتھ ہی کھمم شہر میں حکومت کی جانب سے وسیع و عریض اراضی کو مسلم قبرستان کے لیے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ غریب مسلم تاجروں کو معقول مقدار میں سبسڈی قرضے فراہم کرنے کی اپیل کی۔

 

مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے مزید کہا کہ کھمم ضلع ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے۔ یہاں تمام مذاہب کے لوگ اپنے تہوار محبت اور اتحاد کے ساتھ مناتے ہیں۔

 

ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے اپنے خطاب میں تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے جو مطالبات مسلمانوں کے حوالے سے پیش کیے ہیں، انہیں ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کھمم کلکٹر مذمل خان کو ہدایت دی کہ مسلمانوں کے مسائل کو جنگی خطوط پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

 

کھمم کمشنر پولیس سونیل دتھ نے کہا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر محکمہ پولیس نے بھی معقول بندوبست کیا ہے اور دیر رات تک دکانیں اور ہوٹلیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ محکمہ پولیس نے ہر اعتبار سے مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

اس موقع پر کھمم شہر کے مساجد کے ذمہ داران اور دانشوران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *