
گریڈیہہ (آئی اے این ایس) جھارکھنڈ کے ضلع گریڈیہہ میں ہولی جلوس کے دوران 2 گروپس میں پرتشدد جھڑپ ہوئی۔ کئی افراد زخمی ہوئے اور کئی دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔
جمعہ کے دن گھوڑتھمبہ علاقہ میں سنگباری اور آتشزنی ہوئی۔ تشدد اس وقت برپا ہوا جب بعض لوگوں نے ان کے علاقہ سے ہولی جلوس کے گزرنے پر اعتراض کیا۔ جھگڑے کے بعد افراتفری مچ گئی۔
دونوں گروپس نے ایک دوسرے پر جم کر سنگباری کی۔ پولیس کو فوری حرکت میں آنا پڑا۔ خبر ہے کہ ہولی جلوس روایتی روٹ پر آگے بڑھ رہا تھا لیکن گھوڑتھمبہ پہنچنے کے بعد وہ مسجد اسٹریٹ کی طرف بڑھنے لگا۔ جھگڑا ہوا جس نے فوری تشدد کی شکل اختیار کرلی۔ پولیس نے مداخلت کی کوشش کی لیکن بھیڑ بے قابو ہوگئی۔
منٹوں میں حالات خراب ہوگئے۔ شرپسندوں نے آتشزنی کی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹکراؤ تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہا۔ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر اسمیتا کماری نے کہا کہ نظم وضبط بحال کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر نے امن درہم برہم کرنے کی کوشش کی۔ ہولی تقاریب کے دوران بعض شرپسندوں نے گڑبڑ پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس کی فوری کارروائی کی وجہ سے صورتِ حال قابو میں آگئی۔
لکھنو سے پی ٹی آئی کے بموجب اترپردیش میں ہولی تہوار پرامن رہا۔ بارہ بنکی میں درگاہ دیواشریف‘ بین مذہبی اتحاد کی علامت بنی رہی۔ یہاں ہندوؤں اور مسلمانوں نے مل جل کر ہولی منائی۔ درگاہ میں ’یا وارث‘ کی گونج سنائی دی۔ رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ اور ہولی ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے بعض مقامات پر کڑا پہرہ رہا۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھ ناتھ مندر کی گؤشالہ میں گایوں کو گلال لگاکر ہولی منائی۔
اداکار و رکن پارلیمنٹ روی کشن نے لوک گیت گائے۔ ڈپٹی چیف منسٹرس برجیش پاٹھک اور کیشوپرساد موریہ نے لکھنو میں ہولی تقاریب میں حصہ لیا۔ پاٹھک نے اونٹ پر سوار ہوکر ہولی جلوس میں حصہ لیا۔ چوک علاقہ میں ہولی منانے والے ہندی فلموں کے گیتوں پر رقص کررہے تھے۔ وزیرکپل دیو اگروال‘ مظفر نگر میں رقص کرتے دکھائی دیئے۔