پہلی مرتبہ وندے بھارت ایکسپریس پوری طرح سے خواتین عملہ کے ذریعہ آپریٹ کیا گیا۔ تاریخی سفر سائیں نگر شیرڈی وندے بھارت ایکسپریس میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس سے شروع ہوا۔


عالمی یوم خواتین کے موقع پر آج ریلوے نے خواتین کو ایک خاص اعزاز دیا۔ پہلی مرتبہ وندے بھارت ایکسپریس پوری طرح سے خواتین عملہ کے ذریعہ آپریٹ کیا گیا۔ یوم خواتین کے موقع پر یہ تاریخی سفر سائیں نگر شیرڈی وندے بھارت ایکسپریس میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) سے صبح 6:20 بجے شروع ہوا۔
ٹرین کو ایشیا کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ سریکھا یادو اور اسسٹنٹ لوکو پائلٹ سنگیتا کماری نے آپریٹ کیا۔ ٹرین آپریشن کی دیکھ ریکھ شویتا گھونے نے کی۔ خاتون ٹریولنگ ٹکٹ ایگزمینر(ٹی ٹی ای) کی ایک مضبوط -ٹیم تعینات کی گئی۔ اس میں خاص ٹکٹ چیکر انوشکا کے پی اور ایم جے راجپوت کے ساتھ ساتھ ساریکا اوجھا، سوورنا پشتے، کویتا مرال اور منیشا رام شامل تھیں۔
لوکو پائلٹ اور اسسٹنٹ لوکو پائلٹ سے لے کر ٹرین منیجر، ٹکٹ ایگزامینر اور آن بورڈ کیٹرنگ اسٹاف تک، سفر کے ہر پہلو کو خواتین نے ہی سنبھالا۔ یہ پہل نہ صرف ہندوستانی ریلوے میں خواتین کی طاقت، لگن اور قیادت کا جشن مناتی ہے بلکہ اس شعبہ میں زیادہ سے زیادہ صنفی نمائندگی کے لیے ایک مضبوط مثال بھی قائم کرتی ہے۔
اس موقع پر ریلوے نے کہا کہ یہ پہل خواتین کو بااختیار بنانے اور زیادہ انکلوسیو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ہندوستانی ریلوے کے وسیع عزائم کے موافق ہے۔
8 مارچ یعنی آج عالمی یوم خواتین پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کئی جگہوں پر تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ اس عالمی تہوار میں ان خواتین کو اعزاز بخشا جاتا ہے جو اس کمیونٹیز کو متاثر کرتی ہیں، انہیں بااختیار بناتی ہیں اور انقلابی تبدیلی کی پُر زور حمایت کرتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔