
حیدرآباد ۔ کے این واصف
ماہ رمضان مین حرمین شریفین میں زائرین کے تعداد موسم حج سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ انسانی سروں کا ایک سمندر اور ہر طرف ایک روح پرور منظر ہوتا ہے۔ زائرین کے لئے ٹھہرنے، عبادتوں اور آمد و رفت کے اعلیٰ ترین انتظامات۔ مسجد الحرام میں زائرین کی آمد و رفت میں سہولت کے لیے 196 دروازے ہیں جن میں سب سے بڑا “باب ملک عبداللہ” ہے جو دنیا کا سب سے بڑا دروازہ مانا جاتا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ملک عبداللہ گیٹ کی اونچائی 13.3 میٹر، چوڑائی 7.7 میٹر اور وزن 14 ٹن ہے۔ کسی بھی مقام یا عمارت میں نصب کیا جانے والا اب تک یہ سب سے بڑا دروازہ ہے۔مسجد الحرام میں دنیا بھر سے لاکھوں زائرین و عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔کرہ ارض پر اس مقدس مقام میں آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔
مسجد الحرام کی چاروں سمتوں میں بڑے دروازے نصب ہیں جن کی مجموعی تعداد 196 ہے۔رمضان المبارک اور ایام حج میں زائرین کی سہولت کے لیے تمام دروازے کھول دیے جاتے ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور آمد و رفت کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔مسجد الحرام میں نصب “شاہ عبداللہ گیٹ” اپنی بناوٹ اور سجاوٹ میں اپنی مثال آپ ہے۔
یہ دنیا کا سب سے بڑا دروازہ ہے جو مملکت کے سابق فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے کی جانے والی توسیع کا منہ بولتا ثبوت ہے۔