
حیدرآباد : رنگاریڈی ضلع کے حیات نگر میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں ایک بیوی نے اپنے شوہر کو غیر ازدواجی تعلقات میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
بیوی، شویتا، کافی دنوں سے اپنے شوہر پرشانت کے رویہ میں تبدیلی محسوس کر رہی تھی۔ وہ پچھلے کچھ مہینوں سے گھر نہیں آ رہا تھا اور فون پر بھی مشکوک انداز میں بات کر رہا تھا۔ شویتا کو شک ہوا تو اس نے خود تحقیقات شروع کیں اور شوہر کی گرل فرینڈ کا سراغ لگا لیا۔
جب شویتا اپنے افرادخاندان کے ساتھ وانی کے گھر پہنچی، تو وہاں کا منظر دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ اس نے اپنے شوہر کو گرل فرینڈ کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور غصے میں آ کر گرل فرینڈ کی پٹائی شروع کر دی۔ اس دوران پرشانت اپنی بیوی کے غصے اور مار پیٹ سے بچنے کے لیے دیوار پھلانگ کر فرار ہو گیا۔
شویتا نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے انکشاف کیا کہ پرشانت نے اپنی گرل فرینڈ کو 30 لاکھ روپے، ایک کار، ایک اسکوٹی اور سونے کے زیورات دئے۔ اس نے یہ سب اپنی بیوی سے یہ کہہ کر حاصل کیا تھا کہ اس کے والد کی موت کے بعد وہ کاروبار شروع کرنے کے لیے یہ رقم استعمال کرے گا۔
یہ سارا واقعہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، کچھ لوگ شوہر کی بھاگنے کی مہارت پر حیران ہیں، جبکہ کچھ بیوی کی بہادری کو سراہ رہے ہیں۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور شویتا نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔