
حیدرآباد ۔ ریاست آندھرا پردیش کے ایلورُو ضلع میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ سوموارا پاڈو ہائی وے پر ایک پرائیویٹ ٹراویلس کی بس سمنٹ سے لدی لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آیا جب حیدرآباد سے کا کناڈا جانے والی پرائیویٹ ٹراویلس کی بس سوموارا پاڈو ہائی وے پر آگے جا رہی سمنٹ کی لاری سے ٹکرا گئی۔ زوردار ٹکر کے بعد بس بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کی وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی نیند کی حالت بتائی جا رہی ہے۔