اورنگ زیب کی آڑ میں ماحول خراب کر نے کی کوشش: ابوعاصم اعظمی

ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی بجٹ اجلاس کا آغاز ہوچکا ہے۔ پہلے روز ہی اپوزیشن نے سرکار کے خلاف احتجاج شروع کر رکھا ہے۔ آج بجٹ اجلاس میں ابوعاصم اعظمی نے بھی شرکت کی ہے۔

مہاراشٹر سماج وادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ سیاسی لڑائی کو مذہبی رنگ دینے کی سازش جاری ہے۔ مسلمانوں کے خلاف پورے ملک بھر میں ماحول تیار کر کے فرقہ پرستی عام کی جارہی ہے۔

شہنشاہ اورنگ زیب ؒ پر متنازعہ بیان پر ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ اورنگ زیب ؒ کے دور حکومت میں ہندوستان سونے کی چڑیا تھا۔ ان کی سرحد برما اور افغانستان تک تھی وہ عدل و انصاف کے بادشاہ تھے انہوں نے کبھی بھی تفریق نہیں کی اس لئے اورنگ زیب کی تعلیمات اور ان کی تاریخ کا مطالعہ ضروری ہے۔

بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے اورنگ زیب کے مزار کو مسمار کر نے کے مطالبہ پر ابوعاصم اعظمی نے اسے سیاست قرار دیا اور کہا کہ جس طرح سے نفرت پھیلانے کی کوشش عام ہے وہ انتہائی خطرناک ہے مسلمانوں کے خلاف پروپگنڈہ کر کے واویلا مچایا جارہا ہے۔

مسلمانوں کے خلاف نفرت کو فروغ دینے کی سازشیں عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ زیب کی آڑ میں ماحول خراب کر نے کی فرقہ پرست عناصر کوشش کر رہے ہیں۔ آج ہر جگہ مسلمانوں کی مخالفت کی جارہی ہے۔ان کے ساتھ نا انصافی عام ہے۔ سرکار کو اس سمت میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *