شیوون جیلس نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کر لکھا کہ ’’ایلون سے بات کرنے کے بعد اور اپنی بیٹی آرکیڈیا کے جنم دن کے موقع پر مجھے لگتا ہے کہ آپ کو اپنے بیٹے شیلڈن لکرگس کے بارے میں بتانا صحیح ہوگا۔‘‘


ایلون مسک / آئی اے این ایس
معروف بزنس مین ایلون مسک 14 ویں بار والد بنے ہیں۔ مسک کی کمپنی ’نیورالنک‘ سے منسلک شیوون جیلس نے مسک کے ساتھ اپنے چوتھے بچے کی ولادت کی جانکاری دی ہے۔ شیوون جیلس نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’ایلون سے بات کرنے کے بعد اور اپنی بیٹی آرکیڈیا کے جنم دن کے موقع پر مجھے لگتا ہے کہ آپ کو اپنے بیٹے شیلڈن لکرگس کے بارے میں بتانا صحیح ہوگا۔‘‘ انہوں نے آگے لکھا کہ ’’شیلڈن ایک جادوگر کی طرح ہے اور اس کا دل سونے کا ہے۔ میں اس سے بے انتہا پیار کرتی ہوں۔‘‘ ایلون مسک نے بھی اس پوسٹ پر دل کا ایموجی بنا کر رد عمل ظاہر کیا ہے۔
واضح ہو کہ شیوون جیلس نے مسک کے ساتھ آئی وی ایف تکنیک کی مدد سے 2021 میں اسٹرائڈر اور ایجور کو جنم دیا تھا۔ 2024 میں دونوں کے تیسرے بچے آرکیڈیا کی پیدائش ہوئی۔ ایلون مسک نے آرکیڈیا کی پیدائش کے کئی ماہ بعد اس کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ شیوون جیلس، مسک کی کمپنی نیورالنک میں اے آئی ایکسپرٹ ہیں اور اہم عہدے پر فائز ہیں۔
شیوون جیلس کے علاوہ ایلون مسک کی دیگر اولادوں کی بات کی جائے تو مسک کی اپنی پہلی بیوی سے 5 بچے ہیں۔ ان کی پہلی بیوی کینیڈا نژاد مصنفہ تھیں ان کا نام جسٹن ولسن تھا۔ پہلی بیوی سے ایلون مسک کو جو 5 بچے ہوئے تھے ان کے نام گریفین، ووین، کائی، سیکسن اور ڈیمین ہیں۔ ولسن اور مسک کے پہلے بچے نیوادا کی پیدائش کے 10 ہفتے بعد ہی موت ہو گئی تھی۔ 2020 میں گلوکارہ گریمس نے مسک کے 3 بچوں کو جنم دیا، یہ بچے سروگیسی کے ذریعے ہوئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ انفلوینسر ایشلے سینٹ کلیئر نے بھی 14 فروری 2025 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر انکشاف کیا تھا کہ 5 ماہ قبل اس نے ایک بچے کو جنم دیا ہے اور اس بچے کا باپ ایلون مسک ہے۔ حالانکہ ابھی تک ایلون مسک کی جانب سے نہ تو اس دعوے کی تصدیق ہوئی ہے اور نہ ہی تردید۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ایلون مسک نے حال ہی میں دنیا میں گرتی ہوئی شرح پیدائش پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اسے انسانی تہذیب کے لیے سب سے بڑا خطرہ بتایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔