تلنگانہ کے ورنگل شہر میں ایک ڈاکٹر کا اس کی بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر قتل کردیا ۔حال ہی میں ڈاکٹر پر قاتلانہ حملے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ حملہ ڈاکٹر کی اپنی ہی بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر کیا تھا۔ ڈاکٹر سمنت ریڈی، جو اس حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے، ہفتہ کی صبح ورنگل کے ایم جی ایم اسپتال میں دوران علاج فوت گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سمنت ریڈی، جو ورنگل کے ہنٹر روڈ پر رہتے تھے، نے 2016 میں فلورا مریم سے لو میرج کی تھی۔ 2018 میں وہ اپنے رشتہ داروں کے تعلیمی ادارے سنبھالنے کے لیے اپنی بیوی کے ساتھ سنگاریڈی منتقل ہو گئے۔
فلورا وہاں ایک اسکول میں ٹیچر بن گئی جبکہ سمنت ریڈی ایک سرکاری اسپتال میں کنٹریکٹ پر میڈیکل آفیسر کے طور پر کام کرنے لگے۔ جِم جاتے وقت فلورا کی ملاقات وہاں کے ٹرینر سیموئیل سے ہوئی، جو بعد میں ان کے درمیان ناجائز تعلقات کا سبب بنا۔
جب ڈاکٹر سمنت ریڈی کو ان دونوں کے تعلقات کا علم ہوا تو دونوں میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہو گئے، جس کے بعد وہ دوبارہ ورنگل واپس آ گئے۔ 2019 میں فلورا کو جَنَگاؤں ضلع کے ایک کالج میں لیکچرر کی نوکری مل گئی،
لیکن اس کے باوجود اس کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ اپنے شوہر کی غیر موجودگی میں سیموئیل کو گھر بلاتی تھی، جس پر ان دونوں کے درمیان کئی بار جھگڑے ہوئے۔ آخر کار فلورا اور سیموئیل نے مل کر سمنت ریڈی کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
اس مقصد کے لیے فلورا نے سیموئیل کو آن لائن ایک لاکھ روپے بھیجے، جس میں سے 50 ہزار روپے سیموئیل نے اپنے دوست راج کمار کو دیے، جو سائبرآباد میں پولیس کانسٹیبل تھا۔ راج کمار کو لالچ دیا گیا کہ اگر وہ ڈاکٹر کو قتل کر دے تو اسے ایک نیا گھر بنا کر دیا جائے گا۔
20 فروری کی رات، فلورا اور سیموئیل نے ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل پر ورنگل پہنچے۔ جب ڈاکٹر سمنت ریڈی اپنی ڈیوٹی ختم کر کے کار میں گھر جا رہے تھے، تو بٹاپلی روڈ پر ان کی کار پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا گیا۔ شور سن کر جب وہ گاڑی سے باہر نکلے، تو ان کے سر پر کئی بار وار کیے گئے اور حملہ آور یہ سمجھ کر فرار ہو گئے کہ وہ مر چکے ہیں۔
شدید زخمی ڈاکٹر کو مقامی لوگوں نے ایمبولینس کے ذریعے ایم جی ایم اسپتال منتقل کیا، جہاں سے انہیں حیدرآباد لے جایا گیا، لیکن حالت نازک ہونے کی وجہ سے دوبارہ ورنگل لایا گیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت کی۔
جب سیموئیل، راج کمار اور فلورا گھر کے زیورات بیچنے جا رہے تھے، تو پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ تفتیش میں ثابت ہوا کہ اس حملے کے پیچھے ڈاکٹر کی بیوی اور اس کا عاشق ملوث تھے۔