بدری ناتھ کے سرحدی گاؤں مانا کے قریب کل صبح تقریباً 7.15 بجے برفانی تودہ گرا، جس کی وجہ سے مزدور برف کے نیچے دب گئے۔ یہ کارکن فوج کی نقل و حرکت کے لیے باقاعدگی سے برف ہٹاتے ہیں۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
اتراکھنڈ کے اونچائی والے علاقوں میں شدید برف باری کے درمیان، جمعہ کی صبح چمولی ضلع کے بدری ناتھ کے سرحدی مانا گاؤں کے قریب برفانی تودہ گرنے سے پھنسے 55 بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او)کے 33 کارکنوں کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ 22 دیگر کی تلاش جاری ہے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ ہر شائع خبر کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور بحالی کے سکریٹری ونود کمار سمن نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ بدری ناتھ دھام سے چھ کلومیٹر آگے برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں 57 مزدور پھنس گئے تھے، لیکن اب مقامی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دو مزدوروں کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے موقع پر موجود 55 کارکنان ہی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شام 5 بجے تک 32 کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ رات گئے ایک اور کارکن کو نکالا گیا۔
سمن نے کہا، “اس طرح اب تک کل 33 کارکنوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ 22 دیگر کی تلاش جاری ہے، اس دوران وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی ایک بار پھر دیر رات ریاستی ڈیزاسٹر آپریشن سینٹر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔” وزیر اعلیٰ نے کہا، “ہم ہر کارکن کی بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے”۔ برفانی تودہ صبح 7.15 بجے کے قریب گرا جس سے کارکن برف کے نیچے دب گئے۔ یہ کارکن فوج کی نقل و حرکت کے لیے باقاعدگی سے برف ہٹاتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس، فوج، بارڈر روڈ آرگنائزیشن، انڈو تبت بارڈر پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور خراب موسم، مسلسل برف باری اور شدید سردی کے درمیان بچاؤ اور راحت کاری کا کام شروع کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔