
نئی دہلی ۔ ریاست اترپردیش کے بریلی میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس نے شادی کے خوبصورت موقع کو ایک بدترین تنازعہ میں تبدیل کر دیا۔ ایک دولہا نشے کی حالت میں بارات لے کر پہنچا اور اس دوران اس نے اپنی دلہن کے بجائے اُس کی قریبی دوست کو ہار پہنا دیا۔ یہ واقعہ ہفتہ کو پیش آیا جس کے نتیجے میں 21 سالہ دلہن رادھا دیوی نے دولہا کو تھپڑ مارا اور شادی سے انکار کر کے وہاں سے چلی گئیں۔
26 سالہ دولہا رویندر کمار کی بارات بہت دیر سے پہنچی تھی اور نشے میں دھت دولہا مبینہ طور پر اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اس دوران اس نے دلہن کے خاندان کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ شادی کی تقریب میں نشے کی حالت میں اس کی غیر ذمہ داری نے تمام حالات کو مزید بگاڑ دیا۔ دولہا نے اپنی دوستوں کے ساتھ شراب پی تھی اور اس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے دلہن نے غصہ میں آکر دولہا کو تھپڑ مارا اور شادی سے انکار کر دیا۔
اس واقعہ کے بعد دونوں خاندانوں میں شدید تلخی پیدا ہوئی اور موقع پر ہی کرسیاں پھینکنے کے بعد ایک اور جھگڑا شروع ہو گیا۔ پولیس نے مداخلت کی اور بارات کو واپس بھیجنا پڑا۔ مزید تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دولہا کے دوستوں نے غیر قانونی طور پر شراب خرید کر دی تھی جس پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا۔
دلہن کے باپ نے دعویٰ کیا کہ شادی سے پہلے وہ دولہے کو ڈھائی لاکھ روپے دے چکے تھے اور ہفتہ کو مزید 2 لاکھ روپے دینے والے تھے کہ شراب نہموشی کی عادت کی وجہ سے مسلہ پیدا ہوگیا۔