
حیدرآباد: لنگر حوض پولیس اسٹیشن کے حدود میں ھدیٰ پارک کے تالاب میں صفائی کے دوران باپ اور کمسن بیٹا غرقاب ہوگئے۔ ذرائع نے بتایاکہ جی ایچ ایم سی کے کنٹراکٹر کی مبینہ لاپرواہی کے باعث کمسن لڑکا غرقاب ہوگیا۔
ذرائع کے بموجب کندیگل گیٹ پھول باغ کے رہنے والے 15 سالہ نہم جماعت کے طالبعلم شیخ ساحل والد شیخ کریم کے ساتھ تالاب کی صفائی کیلئے پانی میں اُترے تھے جہاں باپ اور بیٹے دونوں غرقاب ہوگئے۔ بیٹا باپ کو بچانے کی کوشش میں غرقاب ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج مہا شیوراتری کی وجہ سے مزدور کام پر نہیں آئے تھے۔
جی ایچ ایم سی کنٹراکٹر رمیش نے کمسن ساحل سے کہاکہ وہ کام کرنے پر انہیں ایک دن کی مزدوری 800 روپئے ملے گی۔ کام کرنے کے خاطر ساحل اپنے والد کے ساتھ تالاب کی صفائی کیلئے پانی میں اتر گیا جہاں باپ اور بیٹا دونوں غرقاب ہوگئے۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گولکنڈہ کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سید فیض احمد مقام واقعہ پر پہونچ کر دونوں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا۔ اس واقعہ میں دو غریب افراد کی جانیں چلی گئیں۔ شیخ کریم کو 3بیٹے ہیں ایک فرزندان کے ساتھ غرق ہوگیا۔
کنٹراکٹر رمیش جی ایچ ایم سی خیریت آباد سرکل سے تعلق رکھتا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کاروان رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے پولیس عہدیداروں سے بات چیت کی اور ضروری ہدایتیں دیں۔